این ای ڈی کے سابق وائس چانسلر عبدالکلام انتقال کرگئے

16برس سے زائد عرصے تک وائس چانسلر رہے، سبکدوشی کے 51روزبعدچل بسے


Staff Reporter May 10, 2013
ڈیفنس قبرستان میں سپردخاک، بیوہ، 2بیٹے اور بیٹی سوگوار، اہم شخصیات کی تعزیت۔ فوٹو: فائل

این ای ڈی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلرانجینئرعبدالکلام اپنے عہدے سے سبکدوشی کے 51روزبعدانتقال کرگئے۔

16برس سے زائد عرصے تک یونیورسٹی میںخدمات انجام دیں۔ پاکستان ریلوے اورمشین ٹول فیکٹری سمیت مختلف سرکاری اداروں میں بہترین منتظم کے طورپرجانے والے انجینئر عبدالکلام مختصرعلالت کے بعد جمعرات کی صبح92برس کی عمرمیں چل بسے۔ ان کی نماز جنازہ ڈیفنس فیز2کی مسجد ابوبکرمیں بعدنماز عصراداکی گئی۔ بعدازاں ڈیفنس قبرستان میں سپردخاک کیاگیا۔انھوں نے پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ 2 بیٹے اوربیٹی کوسوگوارچھوڑاہے۔ انجینیئراے کلام کی نماز جنازہ میں این ای ڈی کے موجودہ وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرافضل الحق، رجسٹرار انجینئرجاویدعزیزخان،پرووائس چانسلرمظفرمحمود اورصاحبزادہ فاروق احمد رفیقی،ڈپٹی رجسٹرارجمال اختر،رئیس کلیات اورمختلف شعبوں کے سربراہان کے علاوہ گورنرسندھ کے سابق ایڈوائزر برائے اعلیٰ تعلیم آفتاب لودھی اورجامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹرعبدالوہاب کے علاوہ مختلف ماہرین تعلیم شریک ہوئے جبکہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے انکے گھرجاکرتعزیت کی۔

انجینئراے کلام کو 10 دسمبر 1996 کواس وقت کے گورنرسندھ کمال اظفرنے این ای ڈی یونیورسٹی کاوائس چانسلر مقررکیاتھا۔ انھوں نے 18دسمبر2013تک بحیثیت وائس چانسلراین ای ڈی یونیورسٹی میں خدمات انجام دیں اور16سال سے زائد کے اس عرصے میں پورے ملک میں یونیورسٹی کوانتظامی اورتدریسی طورپرایک مثال بناکرپیش کردیا۔ انجینئراے کلام 23 نومبر 1923 کوبھارتی شہرمدراس میں پیداہوئے پیشے کے اعتبار سے ان کے والد ڈاکٹرتھے ۔ انجینئراے کلام نے 1940میں مدراس یونیورسٹی سے ریاضی کے شعبہ میںایم جبکہ 1941میں کیمسٹری اورفزکس میں لویو لا کالج مدراس سے بی ایس سی کیاتھاانجینیئراے کلام نے 1941 میں ہی آفیسراپرینٹیس کی حیثیت سے انڈیاریلوے جوائن کی جبکہ ستمبر1951میں پاکستان ریلوے سے منسلک ہوئے جبکہ 1982/83میں چیئرمین ریلوے بورڈ،سیکریٹری وزارت ریلوے کے طورپرکام کیاوہ مشین ٹول فیکٹری کے جنرل منیجرکے علاوہ وفاقی سیکریٹری کمیونیکشن کے عہدوں پربھی فائز رہے۔