مسائل پر قابو پانا ہے تو کراچی کا مینڈیٹ نظر انداز نہ کیا جائے تاجر برادری

کراچی کے تاجروں کو بجلی کے بحران اور امن و امان کے مسائل کا سامنا ہے ،معیشت کی بہتری کیلیے حکومت کی مدد کرینگے


Kashif Hussain May 13, 2013
حکومت زراعت اور ہارٹی کلچر کے شعبے پر توجہ دے کر معیشت کو مستحکم بناسکتی ہے،ہارون اگر،وحیداحمد،جاوید غوری

گزشتہ5 سال کے دوران بجلی کے بدترین بحران، امن و امان کی ابتر صورتحال اور بے لگام کرپشن سے پریشان ملک کی تاجر برادری کی تمام امیدیں بھاری اکثریت سے منتخب ہونے والی مسلم لیگ (ن) اور شریف برادران سے وابستہ ہوگئی ہیں۔

تاجر برادری نے انتخابی نتائج کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے نومنتخب حکومت کو سپورٹ کی یقین دہانی کرادی ہے، تاجر برادری نے انتخابی نتائج کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ملک کی معیشت اور کاروباری حالات کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ہارون اگر نے انتخابی نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی طرح کراچی کے تاجروں کو بھی بجلی کے بحران اور امن و امان کے مسائل کا سامنا ہے مسلم لیگ (ن) کو ملنے والی بھاری اکثریت ان مسائل پر قابو پانے میں مدد دیگی ،انھوں نے کہا کہ کاروباری برادری انتخابات کے نتیجے میں بننے والی وفاقی حکومت سے کافی پرامید ہے۔

مسلم لیگ (ن) معیشت کو درپیش چیلنجز کا گہرا ادراک رکھتی ہے، نئی حکومت کی پہلی ترجیح توانائی، امن و امان اور معیشت کی بہتری ہوگی اور کاروباری برادری بھی ان مسائل کے حل کے لیے ہر قدم پر سپورٹ فراہم کریگی، ہارون اگر نے کہا کہ نئی حکومت میں کراچی کے مینڈیٹ کو شامل کیا جائے ،کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور کراچی کے مینڈیٹ کو نظر انداز کرکے مسائل پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل امپورٹرز ایکسپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین وحید احمد نے انتخابات کے نتائج کو معیشت اور کاروبار کیلیے خوش آئند قرار دیا ۔



انھوں نے کہا کہ آنے والی حکومت زراعت اور ہارٹی کلچر کے شعبے پر توجہ دے کر مختصر عرصے میں معیشت کو مستحکم بناسکتی ہے، مسلم لیگ (ن) کو اکثریت ملنے سے ملک کے حالات سے مایوس کاروباری طبقہ اور سرمایہ کار کی مایوسی کم ہوئی ہے۔ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید غوری نے انتخابی نتائج اور مسلم لیگ (ن) کے اکثریتی مینڈیٹ کو کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے بہتر علامت قرار دیا انھوں نے شہباز شریف کی جانب سے خود چیلنج قبول کرتے ہوئے پانی و بجلی کی وزارت لینے کا عزم قابل تعریف ہے کاروباری برادری کو امید ہے کہ ملک میں توانائی کا بحران جلد ختم ہوگا۔

انھوں نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر زور دیا کہ جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنائیں کراچی کے مینڈیٹ کو نظر انداز نہ کیا جائے تاکہ ملک کو معاشی حب کراچی میں امن و امان قائم کرکے معاشی بحران سے نکالا جاسکے۔ بلوچستان کے تاجر رہنما انجینئر دارو خان نے انتخابی نتائج کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ توانائی کے بحران سمیت، امن و امان کا مسئلہ جلد حل ہوگا۔

مقبول خبریں