موسم گرما کی طویل تعطیلات تعلیمی ادارے کل سے کھل جائیں گے

میٹرک سسٹم کے تحت چلنے والے نجی وسرکاری اسکولوں میں تعلیمی سیشن یکم اپریل سے شروع ہوگیا تھا۔


Staff Reporter July 31, 2018
سرکاری عملے کی جانب سے انتخابات میں ڈیوٹی دینے کے باعث سندھ میں سرکاری ونجی اسکول ڈھائی ماہ تک بند رہے۔ فوٹو: فائل

موسم گرما کی طویل تعطیلات کے بعد کراچی سمیت سندھ بھرکے تعلیمی ادارے کل یکم اگست سے کھل جائیں گے۔

ڈھائی ماہ تک جاری رہنے والی تعطیلات کے بعد سندھ کے نجی وسرکاری اسکولوں کے لاکھوں طلبہ کل بدھ سے اپنے تعلیمی اداروں کارخ کریں گے اس موقع پر تعلیمی اداروں میں ڈھائی ماہ سے تعطل کاشکارتدریسی سلسلے کاباقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔

یاد رہے کہ سندھ موسم گرماکی شدیدلہرکے سبب موسم گرما کی تعطیلات ''ری شیڈول''کردی گئی تھیں اور7مئی کواس وقت کے سیکریٹری اسکول ایجوکیشن اقبال درانی کے جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفیکیشن کے تحت سندھ میں موسم گرماکی تعطیلات کاآغاز 14مئی سے ہواتھا ، ابتدا میں یہ تعطیلات دوماہ کے لیے 16جولائی تک کی گئی تھیں تاہم عام انتخابات کے باعث سرکاری ونجی اسکولوں میں پولنگ اسٹیشنزکے قیام اورسرکاری اسکولوں کے عملے کی انتخابی ڈیوٹیوں میں مصروفیت کے باعث تعطیلات میں مزید15روزکی توسیع کردی گئی اوراس طرح سندھ میں نجی وسرکاری اسکول ڈھائی ماہ تک بند رہنے کے بعد کل بدھ یکم اگست سے دوبارہ کھل رہے ہیں۔

اس سے قبل صوبائی محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی نے سندھ میں موسم گرماکی تعطیلات یکم جون سے31جولائی تک کرنے کی منظوری دی تھی جسے7مئی کوری شیڈول کیاگیا۔

واضح رہے کہ میٹرک سسٹم کے تحت چلنے والے نجی وسرکاری اسکولوں میں تعلیمی سیشن یکم اپریل سے ہی شروع ہوچکاہے تاہم کیمبرج سسٹم کے تحت چلنے والے نجی اسکولوں میں نیاتعلیمی سیشن 2018/19بھی یکم اگست سے شروع ہورہاہے جن اسکولوں میں پولنگ اسٹیشنزقائم کیے گئے تھے وہاں بھی تدریسی سلسلے کے آغاز سے قبل صفائی ستھرائی کاکام جاری ہے۔