کیماڑی میں جھاڑیوں سے کمسن بچی کی لاش برآمد، مشکوک شخص کی ویڈیو سامنے آگئی

بچی کے والد ماہی گیر ہیں اور کمسن بچی بھٹ آئی لینڈ جزیرے کی رہائشی ہے، وجہ موت کا تعین پوسٹ مارٹم کے بعد ہوگا


اسٹاف رپورٹر July 23, 2026

کراچی:

کیماڑی منوڑا کچھی لائن کے قریب  جھاڑیوں سے کمسن بچی کی لاش ملی، بچی بھٹ آئی لینڈ جزیرے کی رہائشی تھی اور بدھ کی دوپیر تین بچے سے لاپتا تھی، پولیس نے اغوا کے قتل کا خدشہ ظاہر کردیا۔

ایکسپریس کے مطابق ماڑی پور تھانے کے علاقے کیماڑی منوڑا کچھی لائن کے قریب  جھاڑیوں سے کمسن بچی کی لاش ملی ہے، بچی کی لاش قانونی کارروائی کے لے ایدھی ایمولینس کے ذریعے سول ٹراما سینٹر منتقل کی گئی، بچی کی شناخت دعا دختر عمر فاروق کے نام سے ہوئی جس کی عمر6  تا 7 سال ہے۔

ایس ایچ او ماڑی پور عنصر اقبال کے مطابق کمسن بچی کے والد ماہی گیر ہیں اور کمسن بچی بھٹ آئی لینڈ جزیرے کی رہائشی تھی اوربدھ کی دوپیر تین بچے سے لاپتا تھی، بچی کے اہل خانہ اور علاقہ مکین اسے تلاش کرتے رہے، بچی کے لاپتا ہونے پر اہل خانہ نے جیکسن پولیس سے بھی رابطہ کیا جہاں ابتدائی رپورٹ درج کرکے پولیس نے بھی بچی کو تلاش کرنے کی کوشش کی، جمعرات کو لاش منوڑا کچھی لائن کے قریب  جھاڑیوں سے ملی۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ بچی کا اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے تاکہ وجہ موت کا تعین ہوسکے اگر بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے تو پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تعین ہوجائے گا، پولیس کو شبہ ہے کہ بچی کو اغوا کرنے کے بعد قتل کیا گیا ہے، پولیس نے کمسن بچی کے قتل سے متعلق ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی ہے جس میں مبینہ طور پر لال رنگ کی پی کیپ پہنے ملزم کو بچی کی لاش بوری میں ڈال کر لیے جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ پولیس نے جائے وقوع اور اس کے اطراف سے شواہد اکٹھا کرلیے ہیں جن کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، واقع میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ کا اندراج، واقع کے محرکات کی جانچ، متوفی بچی کی طبعی جانچ و مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب سول اسپتال میں رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ ہم سمجھے بچی کسی کے گھر پر چلی گئی ہے اور شام تک واپس آجائے گئی لیکن بچی واپس نہیں آئی اور اس کے بعد بچی کو تلاش کرنا شروع کیا اور رات بھر بچی کو تلاش کرتے رہے لیکن اس کوئی سراغ نہیں ملا اور جمعرات کو بچی مردہ حالت میں جھاڑیوں سے ملی۔

بچی کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں بچے اور بچیاں محفوظ نہیں ہیں، لہذا وہ شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنے بچوں اور بچیوں کی  خود حفاظت کریں۔

بچی کے رشتہ داروں نے اعلیٰ پولیس حکام اور ارباب اختیار سے فوری انصاف اور قاتل کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔