کراچی میں نئی مردم شماری اور حلقہ بندیوں کی درخواست سماعت کیلئے منظور

ویب ڈیسک  بدھ 1 اگست 2018
مصطفی کمال نے کراچی میں نئے سرے سے حلقہ بندیاں کرانے کی درخواست دائر کی ہے فوٹو:فائل

مصطفی کمال نے کراچی میں نئے سرے سے حلقہ بندیاں کرانے کی درخواست دائر کی ہے فوٹو:فائل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کراچی میں نئی مردم شماری اور حلقہ بندیاں کرانے کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی۔

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کی درخواست کی ان چیمبر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے درخواست کو تعطیلات کے بعد سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: نئی مردم شماری کے نتائج سپریم کورٹ میں چیلنج

مصطفی کمال نے کراچی میں ہونے والی حالیہ مردم شماری کے نتائج کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے نئے سرے سے حلقہ بندیاں اور مردم شماری کرانے کی درخواست دائر کی ہے۔ سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے مصطفی کمال کی درخواست پر اعتراضات عائد کیے تھے اور مصطفی کمال نے رجسٹرار کے اعتراضات کیخلاف اپیل دائر کی تھی۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ پورے ملک میں سب سے زیادہ آبادی کراچی میں بڑھی ہے، چیف جسٹس نے نئی حلقہ بندی اور مردم شماری سے متعلق ہماری درخواست منظور کرلی ہے، جس کی اب کھلی عدالت میں سماعت ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔