عمر اکمل کیس آئی سی سی کا فائنل بند کرنے سے گریز تحقیقات جاری

اینٹی کرپشن یونٹ پاکستانی بیٹسمین کے ’’ انکشافات‘‘ پر کام رہا ہے، ذرائع


Saleem Khaliq August 02, 2018
 نجی ٹی وی سے گفتگوکی غیر ایڈٹ شدہ ٹیپ کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے،پی سی بی کونسل کی انکوائری کے سبب معاملے پرخاموش۔ فوٹو: فائل

عمر اکمل کیس کی آئی سی سی میں خاموشی سے تحقیقات جاری ہیں جب کہ ذرائع نے تصدیق کی کہ فائل ابھی بند نہیں ہوئی اور اینٹی کرپشن یونٹ پاکستانی بیٹسمین کے '' انکشافات'' پر کام رہا ہے۔

ہمیشہ تنازعات میں گھرے رہنے والے بیٹسمین عمر اکمل نے24 جون کو ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ ورلڈکپ 2015میچز کے دوران انھیں2گیندیں چھوڑنے کے عوض2 لاکھ ڈالرز کی پیشکش ہوئی جسے مسترد کر دیا۔

بھارت کے خلاف دیگرکئی میچز سے قبل بھی فکسنگ کیلیے ان سے رابطہ ہوتا رہا،اس بیان کا آئی سی سی نے نوٹس لیا اور پی سی بی نے بھی وضاحت کیلیے انھیں27 جون کو طلب کیا تھا، کرکٹر نے کینیڈا لیگ میں شرکت کیلیے روانگی کے پیش نظر25 جون کو ہی بیان ریکارڈ کرا دیا۔

اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل (ر) اعظم نے ڈھائی گھنٹے تک عمر اکمل سے بازپرس کی،مڈل آرڈر بیٹسمین کو اسی روز گلوبل ٹی 20 لیگ میں ایڈمنٹن رائلز کی نمائندگی کیلیے روانہ ہونا تھا تاہم کینیڈا کا ویزا جاری نہ ہونے کے باعث وہ ایونٹ میں شرکت کیلیے نہ جا سکے۔

27 جون کو قومی ٹیم دورئہ زمبابوے کیلیے روانہ ہوئی تو پی بی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل (ر) اعظم بھی ہمراہ تھے، اب گرین شرٹس کی واپسی ہو چکی، کرنل اعظم اور عمر اکمل دونوں لاہور میں موجود ہیں لیکن فکسنگ الزامات کا معاملہ پی سی بی کی جانب سے بدستور جمود کا شکار ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ چونکہ معاملے کا تعلق آئی سی سی ایونٹ سے ہے لہذا اس کی رپورٹ کا انتظارکیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب کونسل نے ''انکشافات'' کو سنجیدگی سے لیا تھا،ذرائع نے بتایا کہ معاملے کی اینٹی کرپشن یونٹ بدستور تحقیقات کر رہا ہے۔

گزشتہ دنوں ''اسکائپ'' پر عمر اکمل کا انٹرویو بھی کیا گیا جس میں ان سے تمام تفصیلات معلوم کی گئیں،انھوں نے اے سی یو کو مشکوک پیشکش کے طریقہ کار اور منیجر کو رپورٹ کرنے سے آگاہ کیا، نجی ٹی وی کو پاکستانی بیٹسمین کے انٹرویو کی غیر ایڈٹ شدہ ٹیپ کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے،اس کے بعد اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

آئی سی سی نے پی سی بی اے سی یو سے بھی معلومات کا تبادلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ28سالہ عمر اکمل اب تک 16 ٹیسٹ، 116 ایک روزہ اور 82 ٹوئنٹی20 میچز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں، ان پر ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے 2011 سے بند ہیں، وہ کافی عرصے سے ایک روزہ اور ٹوئنٹی20 کرکٹ میں بھی قومی اسکواڈ کا حصہ بننے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

انھوں نے آخری ون ڈے میچ 26 جنوری 2017 کو ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا، ابوظبی میں ویسٹ انڈیز سے7ستمبر2016 کو ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچ میں وہ گرین شرٹ پہنے آخری بار ایکشن میں دکھائی دیے،عمر اکمل نے کرکٹ کے میدانوں میں کارکردگی دکھانے کے بجائے اسکینڈلز اور تنازعات کے حوالے سے زیادہ پہچان بنائی ہے۔