شہر میں دن بھر ابر آلود موسم رات میں خنکی بڑھ گئی محکمہ موسمیات

نارتھ کراچی ،نارتھ ناظم آباد ، نیوکراچی سمیت کئی علاقوں میں شام کے وقت بوندا باندی ہوئی


Staff Reporter August 03, 2018
آج بھی شہر کا موسم متوازن اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32سے 34ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان۔ فوٹو: آئی این پی

دن بھر ابر آلود موسم کی وجہ سے رات کے وقت خنکی بڑھ گئی۔

شہر میں سمندر کے نچلی سطح کے بادلوں کی وجہ سے گزشتہ3 روز سے شام کے وقت بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ اس دوران نارتھ کراچی ، حیدری ، نیوکراچی جبکہ شہرکے کچھ مضافاتی علاقوں میں گزشتہ دنوں پھوار بھی ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ جولائی کے وسط سے شہر کا ابر آلود ہونے والا موسم اگلے مذید کئی روز تک معتدل رہنے کی توقع ہے،خوشگوار موسم اور بوندا باندی کی وجہ سے شہر کی راتیں معمولی خنک ہوگئی ہیں، جمعرات کو شہرکا کم سے کم درجہ حرارت 27جبکہ زیادہ سے زیادہ 32.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا جب کہ دن بھر سمندر کی تندوتیز ہوائیں چلیں،جس کی رفتار 44کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے آج (جمعے) کو شہر کا موسم متوازن رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے،آج مطلع مکمل اور جذوی طورپر ابر آلود رہ سکتا ہے، معتدل موسم کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔