مویشی منڈی میں پہلی بار 80 ٹن کا ایئر کنڈیشن والا بینکویٹ قائم

بینکویٹ میں قربانی کے 60 خوبصورت جانوروں کو فروخت کیلیے لایا گیا ہے، 150 گائے اور بیل آ رہے ہیں، امتیاز شیخ


Staff Reporter August 03, 2018
بینکویٹ میں قربانی کے 60 خوبصورت جانوروں کو فروخت کیلیے لایا گیا ہے، 150 گائے اور بیل آ رہے ہیں، امتیاز شیخ۔ فوٹو: ایکسپریس

MANSEHRA: سپر ہائی وے پر قربانی کے جانوروں کے لیے قائم کی جانے والی عارضی مویشی منڈی میں پہلی بار خریداروں کی سہولت کے لیے وی آئی پی بینکویٹ قائم کیا گیا ہے جس کا گزشتہ روز افتتاح کر دیا گیا۔

خلق کیٹل فارم کے منیجنگ ڈائریکٹر امتیاز شیخ نے بتایا کہ گزشتہ کئی سالوں سے سپر ہائی وے پر قائم کی جانے والی مویشی منڈی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ خریداروں کیلیے ایئرکنڈیشن بینکویٹ قائم کیا گیا، انھوں نے بتایا کہ بینکویٹ میں 80 ٹن کا ایئر کنڈیشن لگایا گیا ہے جسے چلانے کیلیے 200 کلو واٹ کا علیحدہ سے جنریٹر لگایا گیا ہے تاکہ خریداروں کو بلا تعطل ٹھنڈک فراہم کی جاتی رہے۔ انھوں نے بتایا کہ بینکویٹ کا جمعرات کو افتتاح کر دیا گیا ہے اور ابتدائی طور پر قربانی کیلیے 60 گائے و بیل کو فروخت کیلیے لایا گیا ہے جبکہ کل 150 گائے و بیل فروخت کے لیے لائے جائیں گے۔

مویشی منڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وقت مویشی منڈی میں جہاں خریداروں کا رش دیکھنے میں آرہا ہے وہیں پر مویشی منڈی کے وی آئی پی ٹینٹ میں لائے جانیوالے قربانی کے بھاری بھرکم ،صحت مند اور خوبصورت گائے و بیلوں کو دیکھنے کے لیے بھی آنے والوں کا بے پناہ رش ہے جہاں وہ ان گائے و بیلوں کے ساتھ سیلفیاں اور فوٹوز بھی کھنچوا رہے ہیں ، وی آئی پی ٹینٹ میں لائے جانے والے قربانی کے جانوروں کو سجا کر لایا گیا ہے اور ان کے آرائشی سامان جس میں مہرے اور گلے کے ہار شامل ہیں انتہائی دیدہ زیب اور مختلف رنگوں سے بنائے گئے ہیں۔