سنجے دت گرفتاری کی مہلت ختم ہونے کے بعد خود کو کل قانون کے حوالے کردیں گے

سنجے دت ٹاڈا کورٹ میں کل گرفتاری پیش کریں گے، وکیل سنجے دت


ویب ڈیسک May 15, 2013
بھارتی سپریم کورٹ نے سنجے دت کو18اپریل تک خود کو قانون کے حوالے کرنے کا کہا تھا لیکن سنجے دت کی اپیل پر انہیں مزید 30 دن کی مہلت دیدی گئی جو کل ختم ہورہی ہے فوٹو:فائل

لاہور: بالی وڈ اداکار سنجے دت 1993 بم دھماکے کیس میں اپنی بقیہ قید پوری کرنے لیے کل خصوصی "ٹاڈا" کورٹ میں گرفتاری پیش کردیں گے۔

بھاری میڈيا کے مطابق ٹاڈا کورٹ نے بدھ کو سنجے دت کو اجازت دی کہ وہ پونے کی یروادا جیل میں گرفتاری پیش کرنے کے لئے دائر کی گئی درخواست واپس لے سکتے ہیں، سنجے دت کے وکیل کا کہنا تھا کہ سنجے اپنی درخواست واپس لے کر ٹاڈا کورٹ میں کل گرفتاری پیش کرد یں گے۔

واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے سنجے دت کو 1993 میں ممبئی میں ہونے والے بم دھماکوں کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر 21 مارچ کو 5سال قید کی سزا سنائی تھی اور اپنے آپ کو قانون کے حوالے کرنے کے لئے 18اپریل تک کا وقت دیا تھا تاہم اس دوران سنجے دت نے عدالت سے اپیل کی کہ انہیں اپنی فلموں کی شوٹنگ مکمل کرنے کے لئے مزید کچھ وقت دیا جائے جس پر انہیں مزید 30دن کی مہلت دے دی گئی تھی جو کہ کل ختم ہو رہی ہے۔