برطانیہ کے سابق کپتان ڈیوڈ بیکہم کا فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

انگلینڈ ٹیم اور مختلف کلبوں کے لئے کھیلنا کسی خوشگوار واقعے سے کم نہیں تھا، ڈیوڈ بیکہم


/AFP May 16, 2013
ڈیوڈ بیکہم انگلینڈ فٹبال ٹیم کے علاوہ مانچسٹر یونائیٹڈ، ریال میڈرڈ، لاس اینجیلس گیلیکسی اور اے سی میلان کلب کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔ فوٹو: فائل

انگلینڈ فٹبال ٹیم کے سابق کپتان ڈیوڈ بیکہم نے رواں سیزن کے آخر میں فٹبال کو خیر آباد کہنے کا اعلان کردیا ہے۔

مڈفیلڈر کے طور پر کھیلنے والے 38 سالہ ڈیوڈ بیکہم نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیرس سینٹ جرمین (پی اسی جی) کلب کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے انہیں کھیل جاری رکھنے کا موقع دیا تاہم وہ سمجھتے ہیں اب فٹبال کو خیر آباد کہنے کا اچھا موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کی 100 سے زائد میچوں میں نمائندگی کے علاوہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے لئے بھی کھیلا اور کئی ٹرافیاں بھی جیتیں جو ان کے لئے کسی خوشگوار خواب سے کم نہیں تھا۔

واضح رہے کہ بیکہم انگلینڈ فٹبال ٹیم کے علاوہ مانچسٹر یونائیٹڈ، ریال میڈرڈ، لاس اینجیلس گیلیکسی اور اے سی میلان کلب کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں اور حالیہ دنوں پیرس سینٹ جرمین کی نمائندگی کرتے ہوئے فرینچ لیگ چیمپئن شپ بھی جیتی۔