فیفا نے 2026 فٹبال ورلڈ کپ کے لیے ایک بڑا مالی فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کے لیے انعامی رقم اور فیس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فیفا اس وقت رکن ممالک کے ساتھ مشاورت میں ہے تاکہ 48 ٹیموں پر مشتمل آئندہ ورلڈ کپ کے لیے مالی پیکج کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
کئی ممالک نے ٹورنامنٹ میں شرکت کے بڑھتے اخراجات، خاص طور پر امریکا میں ٹیکس اور انتظامی اخراجات، پر تشویش ظاہر کی تھی جس کے بعد فیفا نے انعامی رقم بڑھانے پر آمادگی ظاہر کی۔
فیفا اس سے قبل بھی 2026 ورلڈ کپ کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کر چکا ہے، جس میں مجموعی طور پر تقریباً 655 سے 727 ملین ڈالر تک کی رقم شامل ہے، جبکہ ہر ٹیم کو کم از کم 10.5 ملین ڈالر ملنے کی ضمانت دی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق نئے مجوزہ اضافے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے باعث مالی نقصان کا شکار نہ ہو، بلکہ تمام ٹیموں کو بہتر مالی معاونت فراہم کی جائے۔
فیفا کونسل اس حوالے سے حتمی منظوری آئندہ اجلاس میں دے گی، جس کے بعد انعامی رقم اور ٹیموں کو دی جانے والی فیس کی نئی تفصیلات سامنے آئیں گی۔
واضح رہے کہ 2026 فٹبال ورلڈ کپ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا اور تاریخ میں پہلی بار 48 ٹیمیں اس میگا ایونٹ میں شرکت کریں گی جس سے ٹورنامنٹ کا حجم اور مالی دائرہ کار دونوں نمایاں طور پر بڑھ جائیں گے۔