ایف بی آر موبائل فون سیٹ پر سیلز ٹیکس کی شرح میں کمی کیلئے تیار

ایف بی آراسمارٹ فون پرسیلز ٹیکس 1ہزار سے700اوردیگرہینڈسیٹس پر 500 سے350تا400روپے کرنے کا جائزہ لے گا


Irshad Ansari May 17, 2013
تجویزآئندہ وفاقی بجٹ میں پیش کی جائیگی، سیٹس سستے ہوجائیں گے، امپورٹرزکاموقف تھاسیلزٹیکس شرح میں نمایاں اضافے سے موبائل فون سیکٹرمتاثر ہوا،ذرائع فوٹو: فائل

KHUSHPUR: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے موبائل و سیٹلائٹ فون سیٹ پر عائد کردہ 1ہزار روپے سیلزٹیکس پر نظرثانی کرکے اسے کم کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

جس سے ملک میں موبائل فون سستے ہونے کی توقع ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سینئر افسر نے بتایا کہ ایف بی آر اور موبائل فون امپورٹرز ودیگر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان بدھ کوایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں طویل مذاکرات ہوئے ۔

جس میں موبائل فون امپورٹرز کی طرف سے موقف اپنایا گیا تھا کہ اسمارٹ موبائل فون اور سیٹلائٹ فون سیٹ کی درآمد پر سیلز ٹیکس کی شرح 250روپے سے بڑھا کر 1 ہزار روپے اور دیگراقسام کے موبائل فون سیٹ پر سیلز ٹیکس کی شرح 250 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کرنے سے موبائل فون سیکٹر متاثر ہوا ہے۔



ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آرکے ساتھ اسٹیک ہولڈرز کے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور ایف بی آر نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی ہے کہ اسمارٹ وسیٹلائٹ فون سیٹ پر عائد کردہ 1ہزار روپے سے کم کرکے 700روپے تک جبکہ دیگر اقسام کے موبائل فون سیٹ پر سیلز ٹیکس کی شرح 500 روپے سے کم کرکے 350تا400 روپے تک کرنے کا جائزہ لیا جائے گا تاہم یہ تجویز آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں پیش کی جائے گی اور بجٹ میں اس تجویز کو منظور کرلیا گیا تو اس صورت میں موبائل فون سیٹ پر عائد سیلز ٹیکس کی شرح کو کم کردیا جائے گا۔