بیشتر حلقوں میں الیکشن انجینئرڈ تھامنور حسن

شفاف انتخابات کے لیے فخرالدین سے امید تھی لیکن نتائج پرکوئی مطمئن نہیں


Numainda Express May 17, 2013
الیکشن جیتنے والوں کو حیرانی اور ہارنے والوں کو پریشانی ہے، انٹرویو فوٹو : فائل

امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر انتخابی حلقوں میں الیکشن انجنیئرڈ تھا اور نتائج بھی پہلے سے تیار تھے۔

شفاف انتخابات کے لیے قوم نے فخرالدین جی ابراہیم سے امید باندھ رکھی تھی لیکن انتخابی نتائج پر کوئی بھی مطمئن نہیں، فخر الدین جی ابراہیم اپنی دیانتداری کے باوجود انتظامی لحاظ سے بہت کمزور ثابت ہوئے، لوگ سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں جو الیکشن جیت گئے ہیں۔

انھیں بھی حیرانی ہے اور جو ہار گئے ہیں وہ بھی پریشان ہیں۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے ایک ہفت روزہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ منور حسن نے مزید کہا کہ کراچی اور حیدر آباد کے پولنگ اسٹیشنز میں غیر متعلقہ لوگوں کا رش اور سر عام ٹھپے، ربڑ کے انگوٹھے انتخابی عملے کو یرغمال بنا کر سامان پر قبضہ یہ سب ثبوت میڈیا بار بار دکھا چکاہے لیکن چیف الیکشن کمشنر اب بھی ثبوت مانگ رہے ہیں، کراچی اور حیدرآباد میں دوبارہ پولنگ کے سوا الیکشن کمیشن کے پاس کوئی راستہ نہیں۔ پورا شہر کراچی سراپا احتجاج ہے اور تمام جماعتیں الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر دھرنے دے کر احتجاج کر رہی ہیں، پیپلز پارٹی نے 5 سالہ ناکامیوں کے باوجود اتنا نہیں کھویا جتنا تجزیہ نگار بتا رہے تھے یہی معاملہ ق لیگ کا ہے۔



سید منورحسن نے کہاکہ انتخابات سے لوگوں نے جتنی امیدیں باندھ رکھی تھیں سب خاک میں مل گئی ہیں ۔ لوگوں کا خیال تھاکہ اس بار دھاندلی کا تصور نہیں کیا جاسکتا اور یہ ملکی تاریخ کے انتہائی صاف و شفاف انتخابات ہو ں گے ، مگر پولنگ شروع ہوتے ہی وہ ہلڑ بازی سامنے آئی کہ تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، الیکشن کمیشن اندھے بہرے کی طرح کام کررہاہے، چاروں طرف انتخابات کے متعلق عدم اطمینان ہے اس بار توالیکشن کمیشن بھی اسٹیلشمینٹ کا حصہ بن کر سامنے آیا ہے۔

کراچی اور حیدر آباد کو قبضہ مافیا سے آزاد کرانے کے لیے عوام کے پاس احتجاج کا جمہوری راستہ موجود ہے، اب ضرورت ہے کہ سب جماعتیں مل کر اس ظلم کے خلاف میدان میں نکلیں اور جب تک الیکشن کمیشن دوبارہ انتخابات کی تاریخ نہ دے ، اپنا احتجاج جاری رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم تحریک انصاف کے ساتھ مل کر خیبر پی کی میں کرپشن فری حکومت قائم کریں گے۔