سٹی کورٹ اسلحہ رکھنے کے ملزم نے دوسری منزل سے چھلانگ لگادی

عدالت نے بہن کی درخواست پرفہیم کی ضمانت منسوخ کرکے گرفتاری کا حکم دیا


Staff Reporter August 08, 2018
پولیس اہلکار ملزم کو ہتھکڑی لگا کر بے فکر ہو گیا، ملزم نے فرار ہونے کیلیے چھلانگ لگا دی

پولیس اہلکاروں کی غفلت اور لاپروائی کے باعث اسلحہ ایکٹ کے الزام میں ملوث ملزم نے سٹی کورٹ کی دوسری منزل سے چھلانگ لگادی شدید زخمی حالت میں اہل خانہ نے اسپتال منتقل کردیا۔

سیشن عدالت نے بہن کی درخواست پر ملزم فہیم کی ضمانت منسوخ کردی تھی عدالت نے فوری حراست میں لینے کا حکم دیا تھا،ملزم کو ہتھکڑی لگاکر پولیس اہلکار بے فکر ہوگیا، ملزم نے فرار ہونے کے لیے دوسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں ملوث ملزم فہیم اسماعیل کی بہن عابدہ نے ضمانت کی منسوخی کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا کہ ملزم اس کا بھائی ہے اور اس کی ضمانت دی تھی۔

ملزم مجرمانہ سرگرمیوں میں سرگرم ہے اور اپنی عادت سے باز نہیں آرہا اور خدشہ ظاہر کیا کہ وہ مفرور ہوجائے گا اور درخواست میں ضمانت واپس کرنے کی استدعا کی، فاضل عدالت نے ملزم کی ضمانت واپس لینے پر ملزم فہیم کی ضمانت منسوخ کردی اور فوری حراست میں لینے کا حکم دیا عدالت کے حکم پر ملزم کو پولیس نے حراست میں لیا۔

تاہم پولیس اہلکار ہتھکڑی لگاکر بے فکر ہوگیا ملزم نے موقع ملتے ہی فرار ہونے کے لیے دوسری منزل سے چھلانگ لگادی زخمی ہونے کے باعث ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا اسی اثنا ملزم کی بہن نے دوبارہ ملزم کی گرفتاری بحال کرنے کی درخواست دی اور ضمانت واپس لینے سے متعلق درخواست واپس لے لی عدالت نے ملزم کی گرفتاری دوبارہ بحال کردی بعدازاں اس کے اہل خانہ ملزم کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے سول اسپتال لے گئے تھانہ سٹی کورٹ پولیس نے پولیس اہلکار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی اور نہ ہی ملزم کے خلاف اقدام خودکشی کا کوئی مقدمہ درج کیا ملزم کے خلاف تھانہ نیپئر میں غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں مقدمہ درج ہے۔