کراچی ایکسپریس نے کراچی میں ہی2افراد کو کچل ڈالا

موٹرسائیکل سوارجاوید ڈمپراورذاکرگاڑی کی ٹکرسےہلاک،کینٹ اسٹیشن کےقریب2مزدورزیرتعمیرعمارت سےگرکرجاں بحق ہوگئے.


Staff Reporter May 18, 2013
موٹرسائیکل سوارجاوید ڈمپراورذاکرگاڑی کی ٹکر سے ہلاک، کینٹ اسٹیشن کے قریب 2 مزدور زیر تعمیر عمارت سےگرکرجاں بحق ہوگئے. فوٹو : فائل

کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین کراچی ایکسپریس کی زد میں آکر اسٹار گیٹ اور بن قاسم ریلوے اسٹیشن کے قریب2 افراد ہلاک ہو گئے۔

جبکہ ٹریفک حادثات و واقعات میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے، تفصیلات کے مطابق ڈرگ روڈ ریلوے پولیس چوکی کی حدود اسٹار گیٹ ریلوے پھاٹک کے قریب 30 سالہ نامعلوم شخص کراچی سے لاہور جانے والی نائٹ کوچ (کراچی ایکسپریس) کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا، متوفی کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی، متوفی کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش شناخت ورثا کے لیے ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی،مذکورہ ٹرین جب لانڈھی ریلوے تھانے کی حدود بن قاسم ریلوے اسٹیشن کے قریب پہنچی تو اس کی زد میں آکر 35 سالہ مظہر ولد گوڈیل ہلاک ہوگیا ۔



جس کی لاش بھی جناح اسپتال پہنچائی گئی متوفی بن قاسم علی محمد گوٹھ کا رہائشی تھا، گلبرگ کے علاقے شارع پاکستان عائشہ منزل کے قریب تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار45 سالہ جاوید اقبال ولد الیاس ہلاک ہو گیا، متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی متوفی فیڈرل بی ایریا بلاک 20 النور سوسائٹی کا رہائشی تھا، منگھو پیر کے علاقے شہزاد سینما کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار24 سالہ ذاکر ولد رحمٰن ہلاک ہو گیا، متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی۔

متوفی اورنگی ٹاؤن نمبر ایک کا رہائشی تھا، درخشاں تھانے کی حدود ڈیفنس فیز6خیابان سحر اسٹریٹ14پر30 سالہ محنت کش نادر زیر تعمیر عمارت کی چھت سے گر کر ہلاک ہو گیا، متوفی کی لاش جناح اسپتال لائی گئی، ورثا لاش پولیس کارروائی کے بغیر لے گئے، متوفی محمود آباد اختر کالونی کا رہائشی تھا، فرئیر کے علاقے کینٹ اسٹیشن کے قریب60 سالہ بکو ولد سلمان زیر تعمیر عمارت کی چھت سے گر کر زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں