عابد الیاس کے قتل کیخلاف فوری پیش رفت نہیں ہوسکی

وجوہات کا علم نہیں ہوا ،مقتول کے ورثا نے مقدمہ بھی درج نہیں کرایا ہے، پولیس.


Staff Reporter May 18, 2013
عابد الیاس کا شمار ایماندار افرادمیں ہوتا تھا، مخالفین بھی احترام کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ فوٹو : ایکسپریس

ناظم آباد میں جماعت اسلامی کے عہدیدار کے قتل میں فوری طور پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی جبکہ پولیس قتل کی وجوہات کا بھی تعین نہیں کرسکی۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ناظم آباد 2 نمبر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق یوسی ناظم عابد الیاس ہلاک ہوگئے تھے ، مذکورہ قتل میں فوری طور پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر قتل کی وجوہات کا بھی علم نہیں ہوسکا ہے۔

اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ایس ایچ او گلبہار چوہدری لیاقت نے ایکسپریس کو بتایا کہ فوری طور پر مقتول کے ورثا نے مقدمہ درج نہیں کرایا ہے ، ورثا کے بیان کے بعد ہی اصل صورتحال واضح ہوسکے گی، ادھر یہ امر قابل ذکر ہے کہ عابد الیاس سابق ناظم کراچی نعمت اﷲخان کے دور میں ورکس اینڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین اور ناظم کراچی کے معتمد خاص میں شمار ہوتے تھے۔



ان کی نگرانی میں اربوں روپے کے ٹھیکے دیے گئے مگر ان پر ایک روپے کی بھی کرپشن ، اقرباپروری یا بے قاعدگی کا الزام نہیں لگا، ان کا شمار انتہائی حد تک ایماندار افراد میں ہوتا تھا جس کی گواہی ان کو جاننے والا اور شہری حکومت سے وابستہ ہر شخص دیتا ہے۔

وہ انتہائی ملنسار ، ہر دلعزیز اور انسان دوست آدمی تھے یہی وجہ ہے کہ ان کے دوستانہ مزاج کے با عث وہ اپنے دوستوں کا ایک وسیع حلقہ بھی رکھتے تھے جس میں ہر شعبہ زندگی سے وابستہ افراد شامل تھے، عابد الیاس کے مزاج اور رویے کے باعث ان کے مخالفین بھی ان کو احترام کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں