خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد معطل ہونے والے اراکین صوبائی اسمبلی اور ملازمین کو تنخواہیں جاری کردی گئیں۔
ایکسپریس نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے معطل ارکان اور ملازمین کو تنخواہیں جاری کردی گئی ہیں اور تنخواہیں ان کے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کردی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ گورنرراج کے بعد صوبائی اسمبلی معطل کردی گئی تھیں اور11 اکتوبر سے صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ بند ہے اور ارکان معطل ہیں۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد 11 اکتوبر 2026 کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے لیے سمر پر دستخط کردیے تھے۔
صدارتی اعلان میں کہا گیا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور امن وامان کی بدترین صورت حال کے پیش نظر ایمرجنسی عوام کی جان و مال کو لاحق سنگین خطرات، سرکاری تنصیبات، بنیادی ڈھانچے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر دہشت گردوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
مزید کہا گیا تھا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت صوبے میں دہشت گردی اور لاقانونیت کے مؤثر تدارک کے لیے مطلوبہ اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے۔
صدارتی اعلان میں کہا گیا تھا کہ صوبائی حکومت ان حالات میں آئین کے مطابق نہیں چلائی جاسکتی اور وفاقی حکومت گورنر خیبرپختونخوا کو صوبائی حکومت کے تمام یا بعض امور اپنے اختیار میں لینے کی ہدایت کرسکتی ہے اور گورنر وفاقی حکومت کی جانب سے تفویض کردہ امور انجام دے سکیں گے۔
صدرمملکت نے خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی کی صورت حال پر وزیراعظم کی ایڈوائس پر آئین پاکسان کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت دستخط کیے اور بعد ازاں حکومت نے آرٹیکل232 کے تحت صدر کی طرف سے ایمرجنی نافذ کرنے کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔