جماعت اسلامی کے رہنما عابد الیاس کو سپردخاک کردیا گیا

نماز جنازہ میں لیاقت بلوچ، نعمت اللہ، اسد اللہ بھٹو و دیگر رہنمائوں کی شرکت.


Staff Reporter May 18, 2013
ناظم آباد :جماعت اسلامی کے سابق یوسی ناظم کی نماز جنازہ نعمت اللہ خان کی امامت میں ادا کی جارہی ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

جماعت اسلامی کے رہنما اور لیاقت آباد ٹاؤن کے سابق یوسی ناظم عابد الیاس کی نماز جنازہ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کی امامت میں جامع مسجد قدوسیہ ناظم آباد میں اداکی گئی۔

نما ز جنازہ میں جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ، سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، اسد اللہ بھٹو'کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امرا حافظ نعیم الرحمن، نصراللہ خان شجیع،شہید عابد الیاس کے بھائی خالد الیاس، ضلعی امرا فاروق نعمت اللہ ، اسامہ رضی، اسحق خان ، الخدمت کراچی کے جنرل سیکریٹری انجینئر عبدالعزیز ، جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، مرحوم کے اعزا واقربا ، جماعت اسلامی کے کارکنان اوراہل محلہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔



بعدازاں انھیں شفیق پورہ قبرستان مواچھ گوٹھ میں سپردخاک کردیا گیا،نماز جنازہ کے موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا کہ عابد الیاس کو ظالمانہ طریقے سے شہید کیا گیا، انھوں نے کہا کہ آج کراچی بدامنی کی آماجگاہ بنادیا گیا ہے،ہم نے ظلم کے خلاف پہلے بھی آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے ، ہم شرافت اورجمہوری جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں ، انھوں نے مطالبہ کیا کہ شہید عابد الیاس کے قاتلوں کو فی الفورگرفتارکیاجائے پہلے بھی ہمارے کارکنوں اوررہنماؤں کو شہید کیا گیا مگر ہم نے صبر کا دامن نہیں چھوڑا اورنہ ہی چھوڑیں گے،انھوں نے کہا کہ شہر میں بدامنی کے مکمل خاتمے کے لیے کسی مصلحت کا شکار ہوئے بغیر دہشت گردوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں