روم ٹینس سرینا اور وکٹوریا کی آج ٹرافی کیلئے جنگ

سیمی فائنلز میں رومانیہ کی سیمونا ہالیپ اور اطالوی پلیئر سارا ایرانی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


Sports Desk/AFP May 19, 2013
روم ٹینس:امریکی اسٹار سرینا ولیمز سیمی فائنل میں سیمونا ہالیپ کیخلاف گیند ریٹرن کررہی ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

ISLAMABAD: روم ماسٹرز ٹینس میں اتوار کو سرینا ولیمز اور وکٹوریا آذرنیکا کی ویمنز سنگلز ٹرافی کیلیے جنگ ہوگی۔

ورلڈ نمبرون کھلاڑی نے سیمی فائنل میں سیمونا ہالیپ کو ٹھکانے لگایا،آسٹریلین اوپن چیمپئن پلیئر نے اطالوی حریف سارا ایرانی کی پیشقدمی ختم کردی، مینز سنگلز میں دفاعی چیمپئن رافیل نڈال نے ٹوماس بریڈیچ کے ٹرافی کی جانب بڑھتے قدم روک دیے۔تفصیلات کے مطابق روم ماسٹرز ٹینس کے سیمی فائنل میں ورلڈ نمبرون سرینا ولیمز نے رومانیہ کی کوالیفائر سیمونا ہالیپ کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-3،6-0 سے ہرا دیا، 15 مرتبہ کی گرینڈ سلم فاتح سرینا نے اپنی مسلسل فتوحات کا سلسلہ 23 میچز تک دراز کرلیا۔

وہ سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم ایونٹ فرنچ اوپن سے قبل اپنے کھیل میں بہتری لانے کیلیے پُرامید ہیں، تھرڈ سیڈ آذرنیکا نے سیمی فائنل میں اطالوی حریف سارا ایرانی کیخلاف عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے6-0،7-5 سے فتح پائی،اس مقابلے کو بارش کے سبب دو مرتبہ روکاگیا جبکہ ایک بار سارا نے لگاتار تین گیمز ہارنے کے بعد اپنے کوچ سے مشاورت کیلیے وقفہ بھی لیا، سرینا ولیمز کوگذشتہ برس فرنچ اوپن میں میزبان پلیئر ورجینیا روزانو نے اپ سیٹ شکست دی تھی، وہ روم ماسٹرز ٹینس کو گرینڈ سلم کی تیاریوں کیلیے بہترین موقع تصورکررہی ہیں۔



البتہ فائنل میں سیمونا ہالیپ کیخلاف دو گھنٹے تک مقابلے پر خوش نہیں ہیں، انھوں نے کہا کہ جس طرح طویل مقابلے کے بعد مجھے اس میچ میں کامیابی ملی میں اس پر زیادہ مسرور نہیں ہوں، مجھے اپنے کھیل کی چند چیزوں کو بہتر بنانے کیلیے مزید محنت کرنا ہوگی تاکہ آئندہ ہفتے فرنچ اوپن میں زیادہ بہتر کارکردگی پیش کرپاؤں، دوحا فائنل میں آذرنیکا کے ہاتھوں شکست کے تناظر میں سرینا نے کہا کہ اس مرتبہ بیلاروسی حریف کو مختلف چیلنج کا سامنا رہے گا،اس نے دوحات میں عمدہ کھیل پیش کیا تھا اورمجھے خوشی ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر فائنل میں میرے سامنے آگئی۔

ماریا شراپووا کی دستبرداری پر براہ راست سیمی فائنل میں پہنچنے والی سارا ایرانی کیخلاف بیلاروسی اسٹار وکٹوریاآذرنیکا کو پہلے سیٹ میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی، سارا اس سے قبل 6باہمی مقابلوں میں آذرنیکا کیخلاف محض ایک فتح پانے میں کامیاب ہوپائی تھیں، انھوں نے دوسرے سیٹ میں بھرپور مقابلہ کیا لیکن آذرنیکا نے میدان مارلیا۔

دوسری جانب مینز سنگلز سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن اسپین کے رافیل نڈال نے 6 سیڈ ٹوماس بریڈیچ کے ٹرافی کی جانب بڑھتے قدم روک دیے، ان کی جیت کا اسکور 6-2،6-4 رہا، بریڈیچ نے گذشتہ دن کوارٹرفائنل میں ایونٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے ٹاپ سیڈ نووک جوکووک کو شکست دی تھی، دفاعی چیمپئن نڈال کیخلاف اگرچہ دوسرے سیٹ میں انھوں نے نسبتاً بہتر کھیل کا مظاہرہ لیکن جیت ان کا مقدر نہیں بن سکی، نڈال میڈرڈ ماسٹرز کے بعد لگاتار دوسرے ٹائٹل جیتنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں