نیشنل ہائی وے لنک رود پر کوسٹر اور ڈمپر میں تصادم 2 افراد ہلاک 25 زخمی

لیاری کے رہائشی ہاشم نے 10روز قبل کوسٹر خریدی،گجو کی درگاہ کی زیارت کیلیے رشتے داروں کو لے کر جارہاتھا.


Staff Reporter May 19, 2013
لیاری کے رہائشی ہاشم نے 10روز قبل کوسٹر خریدی ،گجو کی درگاہ کی زیارت کیلیے رشتے داروں کو لے کر جارہا تھا، دیگر واقعات میں3افراد جاں بحق. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں6 سالہ بچے سمیت5افراد ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی وے لنک روڈ پر تیز رفتار کوسٹر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر ڈمپر سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں کوسٹر کا ڈرائیور34 سالہ ہاشم ولد موسیٰ اور 6 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ ابراہیم ، ستار ، رمضان ، تسلیم ، حمیرا ، محمد علی ، حوا بی بی ، 50 سالہ حاجرہ ، 55 سالہ حاجرہ ، شوکت ، انیسہ ، رخسانہ ، نذیر ، نثار اﷲ سلیم ، حمد اسلم سمیت 25سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے، واقعے کی اطلاع ملنے پر چھیپا اور ایدھی کی ایمبولینسیں موقع پر پہنچ گئیں اور ابتدائی طور پر ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو اسٹیل ٹاؤن کے اسپتال لے جایا گیا جہاں سے ہلاک ہونے والوں کی لاشیں اور 16زخمیوں کو جناح اسپتال پہنچایا ، متوفی ہاشم شاہ عبد الطیف بھٹائی روڈ مندرہ محلہ بہار کالونی لیاری کا رہائشی اور2بچوں کا باپ تھا۔



متوفی کے ایک رشتے دار نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہاشم نے10روز قبل کوسٹر خریدی تھی اور ہفتے کی صبح وہ اپنے گھر والوں اور دیگر قریبی رشتے داروں کے ساتھ گجو میں واقع درگاہ زیارت کے لیے جارہا تھا،جاں بحق ہونے والا بچہ بھی ہاشم کا رشتے دار ہے تاہم ان زخمیوں کی حالت ایسی نہیں ہے کہ انھیں بچے کی ہلاکت کے بارے میں بتایا جائے جبکہ واقعے کی اطلاع ملنے پر اسپتال آنے والے علاقہ مکین اور دیگر رشتے دار جاں بحق ہونے والے بچے کو اس لیے شناخت نہیں کر سکے کہ حادثے کے باعث اس کا سر تن سے جدا ہو گیا تھا اور سر کے پرخچے اڑ گئے تھے۔

زخمی ہونے والوں میں2افراد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ سابق میٹرو پول ہوٹل کی عمارت میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے45سالہ محمد صدیق ہلاک ہو گیا ،متوفی قائد آباد کا رہائشی تھا جبکہ ابراہیم حیدری کے علاقے علی بروہی گوٹھ میں واقع پہاڑی سے گر کر 65 سالہ شخص ہلاک ہو گیا،گلستان جوہر کے علاقے سفاری پارک میں واقع جھیل میں بطخوں کو دانا ڈالتے ہوئے 65 سالہ غلام حسین چنگیزی جھیل میں گر کر ہلاک ہو گیا ،متوفی کا آبائی تعلق کوئٹہ سے تھا ۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں