مختلف علاقوں میں 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے شہری بے حال

سیاسی اورمذہبی جماعتیں عوامی مفادکیلیےدھرنےدیں،بدترین لوڈشیڈنگ بندنہ ہوئی توکےای ایس سی کےدفاترکا گھیراو کرینگے،مکین۔


Staff Reporter May 19, 2013
سیاسی اور مذہبی جماعتیں عوامی مفاد کیلیے بھی دھرنے دیں،بدترین لوڈ شیڈنگ بند نہ ہوئی تو کے ای ایس سی کے دفاتر کا گھیرائوکرینگے،مکین۔ فوٹو: فائل

شہر میں کے ای ایس سی کی جانب سے شدید گرم موسم میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

نارتھ کراچی سیکٹر 8 بارہ دری میں تمام دن بجلی غائب رہی جس کی وجہ سے شہری بلبلا کر رہ گئے، شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی 12,12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے خواتیں، بچوں اور ضعیف افراد کو سخت اذیت کا سامنا ہے، تفصیلات کے مطابق کے ای ایس سی کی جانب سے بجلی کی 8 سے 12 گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے شہریوں نے طویل لوڈ شیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے ای ایس سی نے گرمی کے موسم کے لحاظ سے بجلی کی فراہمی برقرار رکھنے کا کوئی پلان ترتیب نہیں دیا اور شہریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ دیے ہیں ،شدید گرم موسم میں 10,10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ شہریوں پر بدترین ظلم کے مترادف ہے، بجلی 12 گھنٹے غائب رہتی ہے اور شہری بجلی سے محروم رہتے ہیں لیکن بجلی کے بلوں میں کمی کے بجائے اضافہ کردیا جاتا ہے صارفین کو زائد بل بھیجے جارہے ہیں۔

نارتھ کراچی سیکٹر 8 بارہ دری کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ اس علاقے میں بجلی صبح 9 بجے غائب ہوئی تھی اور رات 10 بجے تک بجلی نہیں آئی تھی ، 12 گھنٹے سے زائد بجلی غائب ہونے کی وجہ سے شہریوں نے پورا دن سخت اذیت میں گزارا جب مکینوں نے کے ای ایس سی کے دفتر میں شکایات درج کروائی تو انھیں بتایا گیا کہ علاقے کا ٹرانسفارمر خراب ہے جس کی وجہ سے بجلی بند ہے اور ٹراسفارمر کی مرمت جلد کردی جائے گی لیکن تمام دن گزرجانے کے باوجود ٹرانسفارمر کی مرمت کا کام نہیں کیا گیا اور شہری بجلی سے محروم رہے، شہریوں کا کہنا تھا کہ سیاسی اور مذہبی جماعتیں عوامی مفاد کیلیے بھی دھرنے دیں۔



ناظم آباد 3 B کے علاقے میں 10 گھنٹے تک مسلسل بجلی غائب رہی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید گرمی میں سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑا اور شہریوں خصوصا بچوں اور نوجوانوں نے گھروں سے باہر وقت گزارا،علاقے کے مکینوں نے بتایا کہ علاقے میں یومیہ 10,10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے اور شہریوں پر بدترین ظلم ہے، زمان آباد لانڈھی میں 10 گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ کی گئی اس موقع پر مشتعل افراد گھروں سے باہر نکل آئے اور انھوں نے سڑکوں پر شدید احتجاج کیا اور کے ای ایس سی کے خلاف نعرے بازی کی۔

ہفتہ کو شہر کے مختلف علاقوں نارتھ کراچی، گلزار ہجری، حسین آباد، گلستان جوہر، عیسیٰ نگری، شاہ فیصل کالونی، ملیر کھوکھراپار، سعودآباد ، قائدآباد، سائٹ، شیرشاہ، گلبائی، سلطان آباد، گلشن اقبال، سبزی منڈی، پی آئی بی کالونی، محمودآباد، منظور کالونی، اعظم بستی ، قیوم آباد کے علاقوں میں 6 سے 12 گھنٹے تک بجلی غائب رہی جس کی وجہ سے مکینوں کو شدید گرمی میں سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑا، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے بصورت دیگر شہری سڑکوں پر نکل آئیں گے اور کے ای ایس سی کے دفاتر کا گھیرائو کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں