جماعت اسلامی کے تحت دھاندلی کیخلاف احتجاجی دھرنے جاری

خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت، احتجاجی دھرنا رات گئے تک جاری رہا.


Staff Reporter May 20, 2013
نمائش چورنگی پر جماعت اسلامی کی خواتین کارکنان دھاندلی کے خلاف احتجاج کررہی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

جماعت اسلامی کے تحت انتخابات میں دھاندلی کیخلاف دھرنے نویں روز بھی جاری رہے،اتوارکے روز مزار قائد پر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔

دھرنے میں ہزاروں مرد اور خواتین نے میں شرکت کی اور انتخابات میں دھاندلی پر اپنے شدید غم وغصہ کا اظہار کیا، دھرنا رات گئے تک جاری رہا، دھرنے سے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ڈاکٹرفرید احمد پراچہ، نائب امیر جماعت اسلامی سندھ اسد اللہ بھٹو، راشد نسیم، کراچی کے امیرمحمد حسین محنتی، سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امرا حافظ نعیم الرحمن، نصراللہ خان شجیع،جمعیت علمائے اسلام(ف) کے مولانا عمر صادق، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما مستقیم نورانی، سابق رکن قومی اسمبلی محمد لئیق خان، جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے امیر محمد اسلام اور دیگر نے خطاب کیا، فرید احمد پراچہ نے کہا کہ کراچی میں بنیادی مسئلہ اور مطالبہ ری الیکشن کانہیں بلکہ الیکشن کا ہے کیونکہ کراچی میں سرے سے کوئی الیکشن ہواہی نہیں، انھوں نے کہاکہ کراچی کے الیکشن کا تعلق کراچی کے امن کے ساتھ جڑا ہے۔



محمد حسین محنتی نے کہا کہ کراچی کے عوام کو ان کا حق دلانے کیلیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی، جماعت اسلامی نے دوبارہ انتخابات کرانے کیلیے سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کردی ہے اور ہمیں امید ہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کراچی کے عوام کی ضرور داد رسی کریں گے، نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ، ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی اورمحمد حسین محنتی، راشد نسیم، نسیم صدیقی، نصراللہ خان شجیع اور دیگر قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواروں نے چیف الیکشن کمشنر کو اپنے اپنے حلقے میں ہونے والی دھاندلیوں سے تحریری طورپر آگاہ کردیا ہے، راشد نسیم اور نسیم صدیقی نے کہاکہ کراچی شہر میں شفاف انتخابات ہوتے تو یہ قیام امن کے لیے سنگ میل ثابت ہوتا مگر ایک منظم سازش کے تحت کراچی کو افراتفری کا شکار کیا جارہا ہے،محمد لئیق خان نے کہاکہ گیارہ مئی کوکراچی کے عوام کے مینڈیٹ کو اغواکرنیوالے کامیابی کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں