لیاری میں گینگسٹرز کا راج اندھا دھند فائرنگ 7 افراد ہلاک 24 زخمی

پولیس و رینجرز پر اسرار طور پر غائب رہی،مکین گھروں میں محصور،دکانیں بند رہیں،بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے


Staff Reporter May 20, 2013
چاکیواڑہ ، ہنگور آباد، آگرہ تاج کالونی ،جونا مسجد کے علاقے میں فائرنگ ، دونوں گروپوں کے5 افراد کو حراست میں لیا گیا فوٹو: فائل

لیاری میں اتوار کو مسلسل دوسرے روز بھی دہشت گردوں کے رحم و کرم پر رہا اور نہتے شہریوں پر مسلح دہشت گرد گولیاں برساتے رہے، اتوار کو بھی فائرنگ سے7افراد ہلاک اور 24 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

2 روز میں لیاری ہلاک ہونے والوں کی تعداد10 ہوگئی۔ ایس پی لیاری کا کہنا ہے کہ دو طرفہ فائرنگ کی زد میں آکر لیاری گینگ وار کے بھی 3 کارندے مارے گئے ، رینجرز نے دونوں گروپوں کے 5 افراد کو حراست میں لے لیا۔ لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی اور جونا مسجد کے قریب مسلح دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ اتوار کو بھی مسلسل دوسرے روز جاری رہا، دہشت گرد آزادانہ طور پر جدید آتشی اسلحے سے فائرنگ کرتے رہے جبکہ پولیس و رینجرز علاقے سے پر اسرار طور پر غائب رہی ، وقفے وقفے سے فائرنگ جاری رہی، تمام دکانیں و کاروباری مراکز بند رہے ، پبلک و نجی ٹرانسپورٹ معطل رہی، مکین گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ، علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونجتا رہا اور گھروں میں موجود بچے و خواتین خوف کے باعث زاروقطار رونے لگے۔ چاکیواڑہ ، ہنگور آباد، آگرہ تاج کالونی اور جونا مسجد کے قریب فائرنگ سے6افراد ہلاک ہوگئے۔

ہلاک ہونے والوں میں40سالہ صالح محمد ولد اسحاق، 55سالہ محمد رفیق ولد عبداللطیف، 45سالہ محمد حسین ولد ڈھولا اور30سالہ کاشف کچھی عرف کاشا شامل ہیں، کاشف کو چاکیواڑہ سے شدید زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ شدید زخمی صالح محمد کو ہنگور آباد گلی نمبر9سے سول اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جاںبر نہ ہوسکا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ کے باعث20 سالہ زبیر ولد حمید اللہ ، 35سالہ غلام رسول ولد محمد اشرف ، 30 شاہنواز ولد آدم ، 45 سالہ قذافی ولد رضا، 25سالہ عمر خطاب، 25 سالہ حنیف ولد سلمان، 25 سالہ عمران ولد حسین، 30سالہ کامران ولد یاسین، 28سالہ فیاض ولد گل خان، 26سالہ عرفان ولد سلیم، 25سالہ اقبال ولد اسحاق، 50سالہ سلطان ولد حسن، 50سالہ ایوب ولد یوسف، 22سالہ اللہ رکھا ولد فقیر محمد سمیت 2 درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔



زخمیوں کو سول اسپتال ، لیاری جنرل اسپتال اور عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی 6 سالہ بچی دوران علاج دم توڑ گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ دو طرفہ فائرنگ میں کچھی برادری سے تعلق رکھنے والے2 افراد بھی ہلاک ہوئے جن کی لاشیں ان کے ساتھی اپنے ساتھ پولیس کارروائی کے بغیر لے گئے۔ ایس پی لیاری نجم الدین ترین نے ایکسپریس کو بتایا کہ دو گروپوں میں دو طرفہ فائرنگ سے لیاری گینگ وار کے3کارندے بھی مارے گئے جن کی لاشیں ان کے ساتھی پولیس کارروائی کے بغیر لے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی دوپہر کے وقترینجرز کی بھاری نفری نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران دونوں گروپوں سے تعلق رکھنے والے فہیم اور گلابو سمیت5 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیاگیا۔

رات گئے لیاری کے مختلف علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے باعث کے ای ایس سی کی پی ایم ٹی پھٹ گئی تھیں جس کے باعث لیاری کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ پھیلی ہوئی جس کے باعث خوف کا ماحول بنا ہوا ہے جبکہ رینجرز کی نفری لیاری کے سڑکوں پر گشت کر کے چلی گئی علاقے میں کسی وقت بھی تصادم ممکن ہے تاہم پولیس اور رینجرز تصادم روکنے کے سلسلے میں کسی قسم کے اقدامات نہیں کر رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں