وفاقی بجٹ آرڈیننس کے ذریعے لانے کی تیاریاں

حکومت سازی میں وقت ہونے کی وجہ سے تجویزدی گئی،بجٹ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے7جون کو پیش کیاجائیگا.


Irshad Ansari May 21, 2013
آرڈیننس 3 ماہ کے اندر اندر پارلیمنٹ میں منظوری کیلیے پیش کیا جائیگا، سیلزٹیکس ریٹ بڑھا کر17فیصد،متعدد اشیا پر ایف ای ڈی لگانے کی تجویز ہے،ذرائع فوٹو: فائل

نگران حکومت نے بیورکریسی میں بڑے پیمانے پر تقرریوں و تبادلوں کے بعد آئندہ مالی سال 2013-14 کا وفاقی بجٹ بھی آرڈیننس کے ذریعے پیش کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور آرڈیننس کے اجرا کے لیے صدر مملکت آصف علی زرداری کو ایک نئے امتحان میں ڈالا جا رہا ہے۔

اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے سینئر افسر نے نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 7 جون 2013 کو پیش کرنے کی تجویز دی ہے اور آرڈیننس کے ذریعے بجٹ پیش ہونے کی صورت میں یہ آرڈیننس 3 ماہ کے اندر اندر پارلیمنٹ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آرڈیننس کے اجرا کی تجویز کا جائزہ لینے کا بنیادی مقصد آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ بروقت پیش کرنا ہے ۔

کیونکہ نئی حکومت سازی میں چونکہ ابھی وقت درکار ہے اس لیے اس تجویز کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ بجٹ وقت پر پیش ہوجائے تاہم آرڈیننس کے اجرا کا انحصار نئی متوقع حکومت کے صدر مملکت کے ساتھ معاملات پر ہے۔



اگر صدر آرڈیننس جاری کرنے پر رضامند ہوجاتے ہیں تو اس صورت میں بجٹ آرڈیننس جاری ہو سکے گا بصورت دیگر جیسا بھی ہوگا بجٹ پارلیمنٹ میں ہی پیش کیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ پیش کرنے کے لیے آرڈیننس کا مسودہ تیار کرکے توثیق کیلیے لا ڈویژن کو بھجوایا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کے سیکریٹری بجٹ اشعر جواد کی طرف سے بھجوائے جانے والے صدارتی آرڈیننس کے مسودے میں تجویز دی گئی ہے کہ آئندہ مالی سال 2013-14 کے وفاقی بجٹ میں تمام اشیا پر عائدسیلز ٹیکس کی معیاری شرح 1فیصد اضافے کے ساتھ 16 سے بڑھا کر 17 فیصد کردی جائے، اس کے علاوہ یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں بین الاقوامی ٹینڈرز پر 17 فیصد کی معیاری شرح کے حساب سے سیلز ٹیکس عائد کیا جائے، علاوہ ازیں وفاقی بجٹ میں چینی پر سیلز ٹیکس کی شرح بڑھا کر 17 فیصد کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے جبکہ متعدد اشیا پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں