بے قابو ٹرک ناگن فلائی اوور سے نیچے گر گیا

ٹرک گرنے سے زور داردھماکے پر پولیس،رینجرز اور ریسکیو اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئی


Staff Reporter May 21, 2013
ناگن فلائی اوور سے گرنے والے ٹرک کے قریب پولیس اور رینجرز کے اہلکار کھڑے ہیں جبکہ جائے حادثہ پرعوام کا جم غفیر لگ گیا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

ناگن فلائی اوور سے ٹرک گرنے کے واقعے پر پولیس، رینجرز اور ریسکیو اداروں کے اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔

واقعے میں معجزانہ طور پر کوئی شخص ہلاک نہیں ہوا 3 افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں، تفصیلات کے مطابق ناگن فلاور سے گزرنے والے والا ٹرک ٹی کے آر 550 تیز رفتاری کی وجہ سے ڈرائیور سے بے قابو ہو کر فلائی اوور کی گرل توڑتا ہوا اچانک نیچے سڑک پر گرگیا، ٹرک سڑک پر گرنے سے زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، اطلاع ملنے پر پولیس، رینجرز اور ریسکیو اداروں کے اہلکار اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں جائے وقوع پر پہنچ گئے، جبکہ موقع پر موجود افراد نے ٹرک میں سوار ڈرائیور سمیت3 افراد کو ٹرک سے باہر نکالا تو تینوں افراد ہوش میں تھے۔

جنھیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا، فلائی اوور سے ٹرک سڑک پرگرنے کی اطلاع پر شہریوں کا ناگن چورنگی پر جم غفیر جمع ہوگیا جس سے ناگن چورنگی سے سہراب گوٹھ جانے والے یوٹرن پر ٹریفک معطل ہوگیا،ایس ایچ او گبول ٹاؤن عابد شاہ نے بتایا کہ فلائی اوور پر سے ٹرک گرنے کا واقعہ موڑ کاٹتے ہوئے پیش آیا اور ٹرک بے قابو ہو کر نیچے یوٹرن کے قریب سڑک آگرا تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔



انھوں نے بتایا کہ زخمیوں میں ٹرک کا ڈرائیور اور2 مزدور شامل ہیں جن کی حالت خطر ے سے باہر ہے اور زخمی ہونے والے افراد کی شناخت فضل ، عبد الرحمن اور نعمان کے ناموں سے ہوئی ہیں ،دریں اثنا اسٹیل ٹاؤن کے علاقے میں حسینی کمپنی کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا جس کی لاش چھیپا ایمبولنس کے ذریعے جناح اسپتال پہنچائی گئی۔

ریسیکو ذرائع کے مطابق ہلاک ہونیوالے شخص کی شناخت 30 سالہ عاشق علی ولد صدیق کے نام سے ہوئی ہے جبکہ متوفی کے لواحقین ضابطے کی کارروائی کرائے بغیر لاش اپنے ہمراہ لے گئے، علاوہ ازیں سٹی ریلوے کالونی کے قریب ٹرین کی زد میں آکر زخمی ہونے والا نوجوان گزشتہ روز دوران علاج دم توڑ گیا،سول اسپتال کے سینئر ایم ایل او ڈاکٹر آفتاب چنڑ کے مطابق اتوار کو سٹی ریلوے کالونی کے قریب ٹرین کی زد میں آکر نوجوان زخمی ہوگیا تھا جسے سول اسپتال لایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ، متوفی سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے شناخت میں مدد مل سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں