طاہر زمان کو ہاکی چیف کوچ مقرر کرنے کا امکان

منیجرکا عہدہ حنیف خان کو دیا جا سکتا ہے،آج فیڈریشن کے اجلاس میں سلیکشن کمیٹی کو بحال کرنے پر بھی بات ہو گی،ذرائع.


اختر رسول کی جگہ سنبھالیں گے،منیجرکا عہدہ حنیف خان کو دیا جا سکتا ہے،آج فیڈریشن کے اجلاس میں سلیکشن کمیٹی کو بحال کرنے پر بھی بات ہو گی،ذرائع فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن کا اہم اجلاس منگل کو لاہور میں ہوگا، نیشنل اسٹیڈیم لاہور میں صدر پی ایچ ایف قاسم ضیاکی زیرسربراہی میٹنگ میں اختر رسول کی جگہ طاہر زمان کو چیف کوچ بنائے جانے کا قوی امکان ہے۔

ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاریوں سمیت جونیئر اور سینئر ٹیموں کے مستقبل قریب کے ایونٹس کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پی ایچ ایف کا تھنک ٹینک منگل کو لاہور میں سر جوڑ کربیٹھے گا، اجلاس کی صدارت صدر پی ایچ ایف قاسم ضیا کریں گے جبکہ سیکریٹری محمد آصف باجوہ، چیف کوچ اختر رسول اور کوچ حنیف خان بھی شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق سیاسی مصروفیات کی وجہ سے اختر رسول چیف کوچ کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر سکتے ہیں۔



جس کے بعد چیف کوچ کی ذمہ داری پی ایچ ایف کنسلٹنٹ و سابق اولمپئن طاہر زمان کو سونپ دی جائے گی۔ یاد رہے کہ حالیہ عام انتخابات میں قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان چوہدری اختر رسول نے مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے ایم پی اے کے انتخابات میں حصہ لیا لیکن وہ تحریک انصاف کے میاں اسلم اقبال سے معمولی ووٹس کے فرق سے ہار گئے۔ذرائع کے مطابق چوہدری اختر رسول اپنے سیاسی حلقے کو وقت دینا چاہتے ہیں، ان کے پاس چونکہ چیف کوچ اور ٹیم منیجر کی دوہری ذمہ داریاں تھیں اس لیے منیجر کا عہدہ حنیف خان کو دیا جا سکتا ہے۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں سلیکشن کمیٹی کو بحال کرنے کے ایجنڈے پر بھی بات ہو گی تاہم اس بارے میں بعض عہدیداروں کی رائے ہے کہ نت نئے تجربات کرنے کے بجائے چند سال تک اسی طریقے کو ہی جاری رکھنا چاہیے۔ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی غیر معمولی فٹنس کے لیے عدنان ذاکر کو قومی ٹیم کا ٹرینر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی منظوری اجلاس میں دی جائے گی۔ اجلاس میں قومی ٹیم کی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ اورجونیئر ٹیم کے دورئہ یورپ کے حوالے سے بھی بات چیت ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں