چیمپئنز ٹرافی پاکستانی فتح کا انحصار بیٹنگ پر ہوگا ظہیر عباس

انگلینڈ فیورٹ، جنوبی افریقہ کے فاتح بننے کا امکان بھی موجود ہے، کھلاڑی دولت کے بجائے کھیل پر توجہ دیں،سابق اسٹار.


Sports Desk May 21, 2013
فوٹو: فائل

سابق ٹیسٹ اسٹار ظہیرعباس نے چیمپئنز ٹرافی میں میزبان انگلینڈ کو فیورٹ قرار دے دیا، ان کے مطابق پاکستانی فتح کا انحصار بیٹنگ لائن کی کارکردگی پر ہو گا۔

میگا ایونٹ آئندہ ماہ انگلینڈ میں ہو رہا ہے،ایشین بریڈمین کی عرفیت کے حامل ظہیرعباس13 سال تک انگلش کاؤنٹی گلوسٹرشائر کی نمائندگی کر چکے ہیں، انھوں نے ہر سال سیزن میں ایک ہزار سے زائد رنز بنائے، وہ پاکستان کی جانب سے ایجبسٹن ٹیسٹ میں میزبان کیخلاف سب سے زیادہ ٹیسٹ اسکور 274 بھی بنا چکے ہیں، ایک خلیجی اخبار کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پاکستانی بیٹنگ کے شعبے میں کچھ خامیاں موجود اور طویل عرصے سے ہمارے بیٹسمین اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کررہے۔

اگر ہماری بیٹنگ اچھی ہوئی تو انگلینڈ میں جیتنے کا موقع ہو گا۔ انگلش کنڈیشنز میں عمدہ بیٹنگ کے بارے میں سوال پر انھوں نے کہا کہ وہاں کامیابی کے لیے کھلاڑی کو پُراعتماد طریقے سے کھیلنا ہوگا، اگر آپ سمجھتے ہیں کہ گیند سیم یا سوئنگ کریگی تو اسے دیر سے کھیلنا ہوگا، یہی انگلش وکٹوں پر کامیابی کا راز ہے۔ ظہیرعباس نے کہا کہ میں موجودہ ٹیم کے کسی کھلاڑی کے بارے میں نہیں کہہ سکتا کہ وہ انگلینڈ میں کامیاب رہے گا،اپنے دور میں محمد یوسف نے وہی طریقہ اپنایا جو میں نے انگلینڈ میں اختیار کیا تھا اسی وجہ سے وہ بھی کامیاب رہا۔



پاکستانی بیٹنگ اور اس کے مسائل کے بارے میں ظہیر عباس نے کہاکہ سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر تک رکنے کے بارے میں کچھ نہیں جانتے، انھیں حالات کے مطابق بیٹنگ کرنے کی ضرورت ہے،اگر بیٹسمین کو حریف کے دباؤ کو ختم کرنے کے بارے میں نہ معلوم ہو تو آپ ناکام ثابت ہوں گے، حریف پر قابو پانے کیلیے چھکوں اور چوکوں کی ضرورت نہیں ہوتی،ردھم توڑنے کیلیے آسٹریلیا کی طرح تیزسنگلز ضروری ہیں ، پھر لوز بالز پر چھکے اور چوکے لگانے چاہئیں۔انھوں نے کہا کہ کھلاڑی کو اپنی وکٹ ضائع کیے بغیر سنگلز پر توجہ مرکوز رکھنا چاہیے، جب آپ سیٹ ہو جاتے ہیں تو پھر گیند فٹبال نظر آنے لگتی ہے، اسے صحیح جگہ کھیلنا ایک بڑا فن ہے،اگر آپ اپنے شاٹس ایسی خالی جگہوں پرکھیلتے ہیں ۔

جہاں فیلڈرز موجود نہ ہوں تو رنز کا انبار لگاسکتے ہیں۔ ظہیر عباس نے میزبان کو چیمپئنز ٹرافی کیلیے فیورٹ قرار دیتے ہوا کہا کہ جنوبی افریقہ کی فتح کا امکان بھی موجود ہو گا، بھارت بھی اچھا کھیل رہا اور پاکستانی جیت کا انحصار بیٹنگ پر ہو گا۔ انھوں نے کرکٹرز سے اپیل کی کہ دولت کے بجائے کھیل پر توجہ دیں بصورت دیگر ناکام رہیں گے، جب دولت کھیل کو خراب کررہی ہو تو اس پر کنٹرول کیا جانا چاہیے، یہ معلوم کرنا ضروری ہے کہ صرف بھارتی اور پاکستانی کرکٹرز ہی اسپاٹ فکسنگ میں کیوں ملوث ہوتے ہیں، کرکٹ کوکسی کی غلطی سے نقصان نہیں پہنچے گا، ملوث کھلاڑیوں کو سزا ملنی چاہیے۔

مقبول خبریں