اربوں کی منی لانڈرنگ آصف زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید بیٹے سمیت کراچی منتقل

دونوں ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کیلیے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔


Staff Reporter August 17, 2018
ایف آئی اے نے اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور ان کے بیٹے کوبدھ کو اسلام آباد میں سپریم کورٹ سے گرفتار کیا تھا۔ فوٹو:ٹوئٹر

اربوں روپے مالیت کے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ملوث سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور ان کے صاحبزادے اے جی مجید کو ایف آئی اے نے اسلام آباد سے کراچی منتقل کردیا۔

سپریم کورٹ اسلام آباد کی حدود سے بدھ کو گرفتار ہونے والے سابق صدر کے قریبی ساتھی اور اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور ان کے صاحبزادے اے جی مجید کو اسلام آباد سے کراچی منتقل کردیا گیا ہے دونوں ملزمان کو کراچی ایئرپورٹ سے ایف آئی اے کے کمرشل بینکنگ سرکل لایا گیا۔

کراچی ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کے تفتیشی افسر محمد علی ابڑو نے ان کے بیٹے اے جی مجید کو ہتھکڑی لگانے کی کوشش کی تو انور مجید برہم ہوگئے اور انھوں نے اپنے بیٹے کو ہتھکڑی نہیں لگانے دی، انور مجید کو ایف آئی اے حکام جمعے کو بینکنگ کورٹ میں جسمانی ریمانڈ کیلیے پیش کریں گے۔