ڈائریا میں مبتلا150 سے زائد بچے اسپتال میں داخل آلودہ پانی مرض کا اہم سبب ہے

شہریوں کوڈنگی،ڈائریااورنگلیریا کا سامنا ہے،ڈائریا جولائی تک شدت اختیارکرتا ہے، غیرمعیاری مشروبات بیماری پھیلارہے ہیں.


Staff Reporter May 21, 2013
بجلی کی بندش سے فریج میں رکھی اشیا میں جراثیم کی نشوونما ہوتی ہے،گرمی میں ہلکی غذا انسانی صحت کیلیے مفید ہے، طبی ماہرین فوٹو : فائل

ماہرین طب نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں ڈائریا کا مرض پھیل گیا،مئی سے جولائی تک رہنے والے اس مرض میں ہزاروں بچے متاثر ہوجاتے ہیں، مختلف اسپتالوں میں گزشتہ 2 دن میں150 سے زائد بچے لائے گئے۔

اندرون سندھ میں ڈائریا میں مبتلا56 بچے اسپتالوں میں داخل ہیں،عوام کو گرمیوں میں ڈنگی، ڈائریا ، نگلیریا سمیت دیگر امراض کا سامنا ہے،تفصیلات کے مطابق کراچی میں شدیدگرمی کے ساتھ ڈائریا کا بھی موسم شروع ہوگیا اورگزشتہ 2 دن میں سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال،این آئی سی ایچ ،سول اسپتال ڈائریا یونٹ سمیت دیگر اسپتالوں میں150متا ثرہ بچوں کو قے اور اسہال کی شکایت پر اسپتال لایاگیا جہاں بچوں کو طبی امداد فراہم کی گئی،سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال کے ماہر اطفال ڈاکٹر زبیری نے بتایا کہ یومیہ ایک درجن سے زائد بچے اسپتال کی ایمرجنسی یونٹ میں لائے جارہے ہیں۔

جہاں ان متا ثرہ بچوں کوقے کے ساتھ اسہال کا سامنا ہے،ایسی صورت میں بچے کے جسم کے نمکیات ضا ئع ہوجاتے ہیں،فوری طبی امداد نہ ملنے کی صورت میں بچے کو شدید پیچیدگیوںکا سامنا کرنا پڑتا ہے،سول اسپتال کے ڈائریا یونٹ کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ گرمیوں میں ڈائریا شدت اختیارکرتا ہے،اسپتال کے ڈائریا یونٹ میں یومیہ 2 درجن سے زائد بچے لائے جارہے ہیں۔



ماہرین نے بتایا کہ ڈائریا گرمیوں میں باسی کھانے ، آلودہ پانی کے پینے اورغیرمعیاری اشیا کے کھانے سے بھی لاحق ہوتا ہے، آلودہ پانی اس مرض کا اہم سبب بنتا ہے، ماہرین نے کہا ہے کہ بچوں اور بڑوں کواس موسم میں گولے گنڈوں اوررنگدار مشروبات سے مکمل پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ ان رنگوں میں مختلف کیمیکلز شامل ہوتے ہیں جوتپتی دھوپ میں رکھے رکھے مختلف جراثیموں کی آماجگاہ بن جاتے ہیں،ڈائریا کا سبب بننے والے مختلف جراثیم و جرثومے پیٹ میں تیزی سے اپنی نشوونما کرتے رہتے ہیں جس سے متا ثرہ افراد کو قے اورا سہال کا سامنا ہوتا ہے۔

مسلسل قے اور اسہال کی وجہ سے جسم کے تمام نمکیات ضائع ہوجاتے ہیں جس سے متاثرہ افراد اور بچوں کو نقاہت ہوجاتی ہے ایسی صورت میں فوری طور پر او آر ایس کا استعمال کرایا جائے جو جسم میں فوری نمکیات کی کمی کو دورکرتا ہے ،ماہرین نے کہا کہ اس موسم میں ہلکی غذا انسانی صحت کے لیے مفید ہوتی ہے، دہی کا استعمال اورگھر کے تیار کردہ لیمن والے مشروبات بھی مفیدہوتے ہیں، لیمن میں پوٹاشیم بھی شامل ہوتا ہے جو انسانی صحت کے لیے بہترین ہوتا ہے،ماہرین نے بتایا کہ بچوں کی بیماریوں کے سال میں2موسم ہوتے ہیں گرمیوں میں ڈائریا۔

جبکہ سردیوں میں نمونیا کا مرض شدت پکڑتا ہے، ڈائریا کا مرض مئی سے جولائی تک شدت اختیارکرتا ہے،ماہرین نے کہاکہ فریج میں زیادہ دنوں کی رکھی ہوئی اشیاء کا استعمال بھی نقصان دہ ہوتا ہے کیونکہ بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیا میں مختلف جراثیموں کی نشوونما ہوتی رہتی ہے ،پاکستان پیڈیا ٹرکس ایسوسی ایشن کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈائریا سے سالانہ 80 ہزار بچے زندگی کی بازی ہا ر جاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں