نیاز سومرو کی غلط بیانی پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کی سرزنش

ڈی جی ٹیکنیکل سروسزنے مہران ہائی وے کے کام سے متعلق سوال پر جھوٹ کا سہارا لیا.


Staff Reporter May 21, 2013
میں نے خود جائزہ لیا ہے وہاں کوئی کام نہیں ہوا،ہاشم زیدی جھوٹ پر چراغ پا فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹر نے مہران ہائی وے کے حوالے سے غلط بیانی پر ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیازسومرو کی سرزنش کرتے ہوئے انھیں نااہل قرار دیا ہے۔

باخبر ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ پیر کو بلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹر ہاشم رضا زیدی کی زیرصدارت انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز سومرو سے استفسار کیا گیا کہ مہران ہائی وے پر ترقیاتی کاموں کی کیا صورتحال ہے جس پر ڈی جی نیاز سومرونے ایڈمنسٹریٹر کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرتے ہوئے کھلے لفظوں میں جھوٹ بولتے ہوئے کہا کہ وہاں تعمیراتی کام جاری ہے۔



جس پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے چراغ پا ہوکر نیاز سومرو کو ان کے ماتحت افسران کے سامنے ڈانٹتے ہوئے کہا کہ آپ جھوٹ بول رہے ہیں،میں نے خود پیر کی صبح مہران ہائی وے کے مقام کا دورہ کیا ہے وہاں کوئی کام نہیں ہورہا جس پر ڈی جی ٹیکنیکل سروسز خاموش ہوگئے۔

واضح رہے کہ جاپان حکومت نے جائیکا کے توسط سے بلدیہ عظمیٰ کو مہران ہائی وے کی تعمیر کے لیے رقم فراہم کی ہے تاہم بلدیہ عظمیٰ کی طرف سے مقررکردہ کنسلٹنٹ اس ہائی وے کا قابل عمل ڈیزائن تیار کرنے میں ناکام رہا ہے جس کے باعث ٹینڈر ہونے کے باوجود اس منصوبے پر کام شروع نہیں ہوسکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں