راولپنڈی میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی طالبہ چل بسی

ویب ڈیسک  اتوار 19 اگست 2018
دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس فوٹو:فائل

دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس فوٹو:فائل

 راولپنڈی: نواحی قصبہ گنگال میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی آٹھویں کلاس کی طالبہ چل بسی، جب کہ دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

راولپنڈی کے تھانہ روات کی حدود میں 2 روز تک گینگ ریپ کا نشانہ بننے والی آٹھویں جماعت کی طالبہ رمشا جاں بحق ہوگئی۔ پولیس کے مطابق 16 سالہ رمشا کے والد جہانگیر نے واقعے کی رپورٹ تھانہ روات میں درج کرائی۔

والد نے بیان میں بتایا کہ ان کی بیٹی ایک ہفتہ قبل نیم بے ہوشی کی حالت میں ملی۔ اس نے اسپتال جاتے ہوئے بتایا کہ 9 اگست کی رات عمران نے اسے فون کرکے مکان کی چھت پر بلایا، پستول کے ذریعے ہراساں کیا اور پھر بے ہوش کرکے اپنے دوست جاوید کے گھر لے گیا۔

عمران اور جاوید طالبہ کے ساتھ دو روز تک زیادتی کرتے رہے، ایک ہفتہ قبل جاوید کے گھر سے رمشا نیم بیہوشی کی حالت میں ملی جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم آج صبح سویرے حالت غیر ہونے پر بچی جاں بحق ہو گئی۔

پولیس کے مطابق طالبہ کی میڈیکل رپورٹ سے زیادتی ثابت ہوگئی، مزید تحقیقات کے لئے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی۔  روات پولیس نے مقدمہ درج کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔