کراچی میں فوج کی نگرانی میں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں تحریک انصاف

زہرہ شاہد کے قتل کی عدالتی تحقیقات اور قاتلوں کو گرفتارکیا جائے،فردوس شمیم.


Staff Reporter May 22, 2013
تحریک انصاف کے کارکنان الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کے دوران نعرے لگا رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

KARACHI: پاکستان تحریک انصاف کے تحت 11 مئی کے انتخابات میں کراچی میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا۔

مقررین نے کراچی میں ہونے والے انتخابات کو کالعدم قرار دے کر فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا،اس موقع پر مظاہرین نے پارٹی کی سنیئر نائب صدر زہرہ شاہد کے قاتلوں کی گرفتاری اور ان کے قتل کی آزادانہ عدالتی تحقیقات کرانے کا بھی مطالبہ کیا، انھوں نے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جائے گا ہمارے احتجاج کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔



تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے تحت منگل کی شام کراچی میں صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا گیا، اس موقع پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فردوس شمیم نقوی، اشرف قریشی، سبحان علی ساحل، راجہ اظہر، سرور راجپوت، جمال صدیقی، دوا خان صابر اور دیگر نے کہا کہ حلقہ این اے 250 اور اس سے ملحقہ سندھ اسمبلی کے حلقوں پی ایس 112 اور 113 میں فوج کی نگرانی میں 43 پولنگاسٹیشنز پرہونے والی شفاف پولنگ نے اس بات کو ثابت کردیا ہے کہ کراچی کے عوام نے تبدیلی کی بنیاد رکھ دی ہے۔

ان رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو کراچی میں ریکارڈ ووٹ ملے ہیں جو اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ اب اس شہر میں پی ٹی آئی حقیقی مینڈیٹ رکھنے والی جماعت بن گئی ہے،انھوں نے کہا کہ عمران خان کراچی سمیت ملک بھر کے کروڑوں عوام کے حقیقی اور نڈر لیڈر بن گئے ہیں اور اس ملک میں جس تبدیلی کا نعرہ عمران خان نے لگایا تھا حالیہ انتخابات میں بڑی تعداد میں کراچی سمیت ملک بھر کے عوام نے عمران خان کے اس نعرے کا بھرپور جواب دے دیا ہے اورواضح کردیا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں،علاوہ ازیںدھرنے کے باعث صدر اور اطراف کے علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا، دھرنے کے اطراف پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں