ملک کو مستحکم بنانے کیلیے نئی قیادت کا ساتھ دینگےثروت اعجاز

دھاندلی کے شواہد منظر عام پرآنے کا باوجود الیکشن کمیشن نے نوٹس نہیں لیا


Staff Reporter May 23, 2013
فوٹو: فائل

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک کو مضبوط و مستحکم بنانے اور لوڈشیڈنگ و دہشت گردی کے خاتمے کیلیے نئی قیادت کے مثبت فیصلوں کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلیے تمام محب وطن قوتیں یکجا ہوجائیں، وہ مرکز اہلسنت پر کیماڑی ٹاؤن سے آئے ہوئے علما و معززین کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے، ثروت اعجازقادری نے کہا کہ ملک کو قرضوں سے نجات دلاکر ہی آگے کی طرف بڑھا جا سکتا ہے۔



انھوں نے کہا کہ کراچی میں انتخابی دھاندلی پر کئی جماعتوں نے بائیکاٹ کیا اور دھاندلی کے شواہد میڈیا کے ذریعے منظر عام پر آئے مگر افسوس الیکشن کمیشن نے اس پر ابھی تک نوٹس نہیں لیا جو عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالنے والوں کو ڈھال دینے کے مترادف ہے، الیکشن کمیشن آئین کا سہارا لیتے ہوئے کراچی میں انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائے۔