سی این جی پابندی گھریلو اور صنعتی صارفین مستفید ہونگےشہری

بڑی گاڑیوں والے پٹرول کے اخراجات برداشت کرسکتے ہیں،کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہونگے


APP May 23, 2013
بڑی گاڑیوں والے پٹرول کے اخراجات برداشت کرسکتے ہیں،کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہونگے فوٹو: فائل

1000 سی سی سے بڑی گاڑیوں میں سی این جی پر پابندی کے فیصلے پر شہریوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے گیس کی بچت ہوگی اور بچائی جانی والی گیس کی فراہمی سے گھریلو صارفین اور صنعتی اداروں کی مشکلات میں کمی واقع ہوگی۔

جبکہ بڑی گاڑیوں کے مالکان کے سفری اخراجات میں اضافہ ہوجائے گا۔ بدھ کو ''اے پی پی'' کے سروے کے دوران شہریوں نے نگراں حکومت کے اس فیصلہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ 1000 سی سی سے بڑی گاڑی رکھنے والے افراد اس کو پٹرول پر چلانے کی استطاعت رکھتے ہیں اور انھیں سی این جی پر گاڑیاں چلاکر چھوٹی گاڑیاں رکھنے والے افراد سمیت گھریلو و صنعتی صارفین پر ظلم نہیں کرنا چاہیے۔ سیکٹر جی ایٹ کے رہائشی محمد اسلم نے ''اے پی پی'' کو بتایا کہ قدرتی گیس کو بطور ایندھن گاڑیوں میں استعمال کرنے سے اتنا فائدہ حاصل نہیں ہوتا جتنا ایک صنعتی ادارے کے چلنے سے ہوتا ہے۔



کیونکہ گاڑی کے چلنے سے کسی ایک فرد یا خاندان کا فائدہ ہوتا ہے جبکہ صنعتوں کے چلنے سے ملکی معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔ ایف سیون کے رہائشی جواد خان نے کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ گیس کی قلت پر قابو پانے کیلیے طویل المدتی پالیسی مرتب کرے کیونکہ شارٹ کٹ میں مسئلے کا باقاعدہ حل نہیں ہوتا۔ نگراں حکومت کے اس فیصلے پر سی این جی اسٹیشن مالکان نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس سے سی این جی کے شعبے کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور پمپ مالکان اپنے ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کیلیے مشکلات کا شکار ہوں گے۔ انھوں نے کہاکہ سی این جی سیکٹر میں کئی ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، اس فیصلے سے سرمایہ کاروں کی آمدنی متاثر ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں