کراچی فائرنگ کا سلسلہ جاری متحدہ کے کارکن سمیت مزید6جاں بحق

فائرنگ کے واقعات اقبال مارکیٹ اورنگی، رضویہ سوسائٹی،گلستان جو ہر، گلشن معمار اورپرانا حاجی کیمپ کے علاقوں میں پیش آئے


Staff Reporter May 23, 2013
فائرنگ کے واقعات اقبال مارکیٹ اورنگی، رضویہ سوسائٹی،گلستان جو ہر، گلشن معمار اورپرانا حاجی کیمپ کے علاقوں میں پیش آئے فوٹو: فائل

KARACHI: شہر میں بدھ کوفائرنگ اور پرتشدد واقعات کے دوران متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت 6 افراد کو قتل اور 5افراد کو زخمی کردیا گیا، فائرنگ کے واقعات اقبال مارکیٹ اورنگی، رضویہ سوسائٹی،گلستان جو ہر، گلشن معمار اورپرانا حاجی کیمپ کے علاقوں میں پیش آئے۔

اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹائون چشتی نگر میں مکان سے 35 شخص کی 2 روز پرانی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی جسے اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا۔ ایس ایچ او پاکستان بازار امجد کیانی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کی شناخت 35 سالہ شکیل احمد ولد جمیل احمد کے نام سے ہوئی ہے اور مقتول متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 118 کا سرگرم کارکن تھا انھوں نے بتایا کہ مقتول2 بچوں کا باپ تھا اور چھوٹا موٹا کاروبار کرتا تھا، مقتول پیر کو چشتی نگر گلی نمبر 3 میں واقع اپنے گھر کے باہر سے لاپتہ ہو گیا تھا اور اس کے بھائی نے منگل کو تھانے میں اغوا کا مقدمہ درج کرادیا تھا، پولیس کو شک ہے کہ مقتول شکیل احمد کو اس کے اپنے دوست اسلام نے قتل کیا ہے، پولیس نے اسلام کی گرفتاری کے چھاپے بھی مارے ہیں لیکن وہ فرار ہو گیا۔

پولیس نے اس کے بھائی کو حراست میں لے لیا ہے۔ رضویہ تھانے کی حدود میں لیاقت چوک کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے موٹر سائیکل سوار شخص کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا جو اسپتال پہنچائے جانے سے قبل دم توڑ گیا۔ ایس ایچ او نوید ناصر نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کی شناخت عباس حیدر ولد ریاض حیدر کے نام سے ہوئی جو مقتول اخبار فروش تھا۔ گلشن معمار تھانے کی حدود میں ٹھررو مینگل گوٹھ کے قریب پیر بخش گوٹھ میں 2 مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے 22 سالہ نیاز محمد ولد فیض محمد کو قتل کردیا اور فرار ہو گئے، واقعہ خاندانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ نیپئر تھانے کی حدود پرانا حاجی کیمپ کے قریب جناح آباد سے 18سالہ نامعلوم نوجوان کی لاش برآمد ہوئی جسے سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا ہے، ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ایدھی سرد خانے منتقل کردی گئی۔



گلستان جوہر کے علاقے بلاک 9 میں اجمیر پرائڈ اپارٹمنٹ کے قریب پنکچر کی دکان پر فائرنگ سے 30 سالہ دانیال انور ولد انور مسیح زخمی ہو گیا جو اسپتال لے تے ہوئے دم توڑ گیا، مقتول بلاک 9 میں پنکچر کی دوکان پر پنکچر بنوا رہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار2 مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی ، مقتول کے والد نے پولیس کو بتایا کہ اس کے بیٹے کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں تھا نہ ہی کسی سے دشمنی تھی، پولیس نے مقتول کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔ بلوچ کالونی تھانے کی حدود میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔

ایس ایچ او بلوچ کالونی نصیر الدین نے ایکسپریس کو بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں عمران، یاسر، نعمان، قیصر اور پولیس اہلکار علی نسیم زخمی ہوا ہے۔کلری تھانے کی حدود شاہ عبد الطیف بھٹائی روڈ جونا کلری ہنگورہ آباد میں واقع اسماعیل برگر شاپ پر نامعلوم ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے برگر شاپ کا مالک45 سالہ اسماعیل ولد صالح محمد اور ملازم25سالہ اعجاز ولد محمد سمیت3افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں اعجاز دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں