عیدکے بعد ادرک، پیاز، ٹماٹرودیگر سبزیوں کے دام گرگئے

خصوصی رپورٹر  پير 27 اگست 2018
سبزیوں کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ عیدسے قبل ہفتے بھر کی خریداری ہے، رپورٹ
فوٹو: ایکسپریس

سبزیوں کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ عیدسے قبل ہفتے بھر کی خریداری ہے، رپورٹ فوٹو: ایکسپریس

 اسلام آباد:  عید قربان کے بعد آلو، پیاز اور ادرک سمیت متعدد سبزیوں کی قیمت میں کمی واقع ہو گئی۔ عید کے بعد لوگوں نے قربانی کے گوشت کا استعمال شروع کر دیا جس کے باعث وفاقی دارالحکومت کے اتوار بازار میں خریداروں کا رش معمول سے کم رہا۔

روزنامہ ایکسپریس کی جانب سے عید کے بعد سبزیوں کی قیمتوں میں ہونے والے اتار چڑھاؤ کے سلسلے میںایک سروے کیا گیا جس میں یہ معلوم ہوا ہے کہ عید کے بعد کھانے پکانے میں استعمال ہونے والی اہم سبزیاں جس میں آلو، پیاز اور ادر ک سمیت چند دیگر شامل ہیں کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔

جس کی ایک بڑی وجہ عیدسے قبل لوگوں کی جانب سے ہفتے بھر کی خریداری کرنا بھی بتایا جاتا ہے جبکہ دوسری جانب شہریوں نے عید کے بعد سبزیوں کے بجائے عید کے گوشت کا استعمال بڑھا دیا ہے جو کہ مارکیٹ میں سبزیوںکی قیمتوںمیں کمی کا سبب بنا ہے۔

اس وقت اسلام آباد کے اتوار بازار میں آلو 26 روپے کلو میں دستیاب ہیںجو عید سے قبل 29 روپے کلو میں فروخت ہو رہے تھے۔ اسی طرح عید سے قبل 46روپے کلو فروخت ہونے والا پیاز 43روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ ٹماٹر جو کہ 55روپے کلو تھا وہ بھی 48روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ کھیرے کی قیمت بھی برقرار رہی اور کھیرا 50روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ شملہ مرچ کی قیمت میں بھی کمی آئی اور 90روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔ بند گوبھی بھی 10روپے کمی کے ساتھ 70روپے کلو ہو گئی۔ دھنیا 50روپے پاؤ سے 40روپے پاؤہو گیا۔ تاہم چند اشیا کی قیمتوں میں اضافہ بھی دیکھنے میں آیا جس میں لیمو جو کہ عید سے قبل 148روپے کلو تھا 180روپے فی کلو تک پہنچ گیا۔

اسی طرح سبز مر چ 48روپے سے 80روپے کلو تک پہنچ گئی۔ بینگن 26روپے کلو سے 50 روپے تک پہنچ گئے۔ بھنڈی 36سے 44روپے کلو تک پہنچ گئی۔ اشیا خورد و نوش کی قیمتوں کے سلسلے میں ایکسپریس نے شہریوں سے گفتگو کی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ عید سے قبل اشیا کی قیمتیں زیادہ تھی جس میں اب کافی حد تک کمی آئی ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ سبزیوں کی قیمتوں پر قابو پائے، سبزیاں عید سے قبل مہنگی کر دی جا تی ہیں حکومت کو چاہیے کہ وہ اس معاملے پر قابو پانے کے لیے لائحہ عمل مرتب کر ے، عام عوام کو حکومت سے اشیا خو رد ونوش کی قیمتوںمیں استحکام چاہیے حکومت کو چاہیے کہ وہ اس چیز کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اشیا خو ر د ونوش کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرے۔ اسی طرح سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ ابھی قیمتوں میں کمی اس لیے آئی ہے کہ لوگ عید قربان کا گوشت کھانے کو ترجیح دے رہے ہیں، بارش کے باعث سبزیاں سستی ہوئی ہیں، سبزیوںکی قیمتوں میں آڑھتی اضافہ کرتے ہیں وہاں سے جو ریٹ آتا ہے عام شہریوں کو بھی اسی ریٹ پر سبزیاں فروخت کی جا تی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔