الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کے انعقاد میں ناکام رہاجماعت اسلامی

دھاندلی کی تحقیقات نہیں ہوئی ،بنارس چوک پر مظاہرے سے معراج الہدیٰ ودیگرکا خطاب.


Staff Reporter May 26, 2013
دھاندلی کی تحقیقات نہیں ہوئی ،بنارس چوک پر مظاہرے سے معراج الہدیٰ ودیگرکا خطاب. فوٹو: ایکسپریس نیوز

جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کے ذریعے شہر میں امن قائم کیا جاسکتا تھا۔

مگر انتخابات میں تاریخی دھاندلی کے ذریعے شہریوں کے جمہوری حق پر ڈاکا ڈالا گیا ،عوام جعلی نتائج تسلیم نہیں کرتے، فوج کی نگرانی میں کراچی اور حیدرآباد میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں،ان خیالات کا اظہار انھوں نے انتخابات میں کھلی دھاندلی کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت بنارس چوک پر ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی ،ضلع غربی کے امیر اسحاق خان ،نائب امیر عبدالرزاق اور دیگر نے خطاب کیا۔



اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امیر حافظ نعیم الرحمٰن، سابق رکن صوبائی اسمبلی حمید اللہ خان ایڈووکیٹ، ضلع غربی کے سیکریٹری محمود الحسن اور دیگر بھی موجود تھے، ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہاکہ 11 مئی کو تاریخی دھاندلی کرکے انتخابی نتائج تبدیل کیے گئے اور ایک بار پھر جعلی مینڈیٹ حاصل کیا گیا ، بڑے پیمانے پر پولنگ اسٹیشنوں پر قبضے کرکے جعلی ٹھپے لگائے گئے،مخالفین کے پولنگ ایجنٹ کو گن پوائنٹ پر پولنگ بوتھ سے باہر نکال دیا گیا۔

اس کھلی دھاندلی کے خلاف جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں نے انتخابات کابائیکاٹ کیا،اس بائیکاٹ کے بعد انتخابی نتائج مشکوک ہوگئے مگر اس کے باوجود الیکشن کمیشن دھاندلی کی تحقیقات کرانے کو تیار نہیں، انھوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے شفاف انتخابات کے انعقاد کیلیے اپنا کردار ادا نہیں کیا اور ٹھپہ مافیا کو یہ موقع فراہم کیا گیا کہ وہ جس طرح چاہیں نتائج کو اپنے حق میں کرلیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں