پاکستان کرکٹ ؛  احسان مانی کے اقتدار کاسورج آج طلوع ہوگا

ویب ڈیسک / اسپورٹس رپورٹر  پير 3 ستمبر 2018
نامزد چیئرمین کی پی سی بی عہدیداروں اور گورننگ بورڈ ارکان سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا، سہ پہر 3بجے پریس کانفرنس میں ترجیحات کے حوالے سے بات چیت کریںگے
 فوٹو: فائل

نامزد چیئرمین کی پی سی بی عہدیداروں اور گورننگ بورڈ ارکان سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا، سہ پہر 3بجے پریس کانفرنس میں ترجیحات کے حوالے سے بات چیت کریںگے فوٹو: فائل

 لاہور:  پاکستان کرکٹ میںاحسان مانی کے اقتدار کا سورج منگل کوطلوع ہوگا،انتخاب کی رسمی کارروائی مکمل کرنے کیلیے پی سی بی گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس11بجے طلب کر لیا گیا،دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے ارکان لاہور پہنچ گئے۔

نامزد چیئرمین کی گزشتہ روز پی سی بی عہدیداروں اور گورننگ بورڈ ارکان سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا، نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کے بعد سہ پہر 3بجے پریس کانفرنس میں اپنی ترجیحات کے حوالے سے بات چیت کرینگے۔تفصیلات کے مطابق ملک میں حکومت کی تبدیلی کے ساتھ چیئرمین پی سی بی کو بھی بدلنے کی روایت اس بار بھی برقرار رہی، پی ٹی آئی کی عام انتخابات میں کامیابی کے بعد ہی نجم سیٹھی کے رخصت ہونے کی باتیں ہونے لگی تھیں۔

بالآخر عمران خان نے بطور وزیر اعظم عہدے کا حلف لیا تو انھوں نے استعفیٰ دینا ہی مناسب سمجھا، پیٹرن انچیف نے اسی وقت احسان مانی کو چیئرمین بنانے کا اعلان کردیا لیکن بعد ازاں انھیں کسی نے باور کرایا کہ اس کیلیے ایک طریقہ کار طے ہے، پہلے گورننگ بورڈ میں نامزدگی پھر ارکان کے ووٹ لینا ہوتے ہیں، یہ مراحل مکمل کرتے ہوئے پہلے گورننگ باڈی مکمل کی گئی۔

وزیر اعظم کے نامزدکردہ2ممبرز احسان مانی اور اسد علی خان کی نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری ہوا،مفتاح اسماعیل کی جگہ ایس ایس جی سی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید ضیاکی نامزدگی ہوئی،ٹیم بند ہونے پر یوبی ایل کی نمائندگی بھی ختم ہوگئی تھی،اس کی جگہ کے آر ایل کو شامل کیا گیا،ادارے نے اپنے ڈائریکٹر اسپورٹس ایاز بٹ کا نام بھجوایا، لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین (چیئرمین واپڈا)، ڈاکٹر نجیب صائم (ڈائریکٹرایچ بی ایل)، مراد اسماعیل (صدر کوئٹہ ریجن)، شاہ ریز عبداللہ خان (صدرلاہور ریجن)، کبیر احمد خان (صدر فاٹا ریجن) کے نمائندے کی حیثیت سے پہلے ہی موجود تھے۔

سیالکوٹ ریجن پر ایڈہاک کی وجہ سے فی الحال کوئی عہدیدار گورننگ بورڈ کا رکن نہیں،الیکشن مکمل ہونے پر نمائندگی ملے گی، اس وقت موجود9ارکان منگل کو نئے چیئرمین کا انتخاب کرینگے،کیپٹن (ر) جہانزیب خان (سیکریٹری وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ) بھی موجود لیکن ان کو ووٹ دینے کا حق نہیں ہوگا۔ پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سید افضل حیدر، ڈپٹی الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا کے ہمراہ کارروائی مکمل کرینگے، اس بار چیئرمین پی سی بی کا الیکشن نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بجائے بورڈ کے ہیڈ کوارٹرز قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

نئے چیئرمین کے استقبال کیلیے دفاتر میں تزئین و آرائش کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، احسان مانی کی گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم آمد بھی ہوئی، انھوں نے پی سی بی عہدیداروں سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے اراکین گورننگ بورڈکی لاہور آمد گزشتہ روز ہی شروع ہوگئی تھی،انھیں مقامی ہوٹل میں ٹھہرایا گیا ہے۔

ان میں چند نے نامزد چیئرمین احسان مانی سے ملاقات بھی کرتے ہوئے اظہار اعتماد کیا، شیڈول کے مطابق امیدواروں کو اپنے کاغذات نامزدگی 11 سے ساڑھے 11 بجے تک جمع کرانا ہیں، اس کے بعد اعتراضات داخل کرنے اور فارمز کی اسکروٹنی کا عمل مکمل کیا جائے گا، اعتراضات کی سماعت 12بجے ہوگی، کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ساڑھے12بجے اور امیدواروں کی حتمی فہرست ایک بجے جاری کرنے کا پروگرام دیا گیا ہے، ووٹنگ کا عمل ڈیڑھ بجے ہو گا۔

اگر ایک ہی امیدوار کھڑا ہوا تو نامزدگی اور اسکروٹنی کے بعد ہی کارروائی کی ضرورت باقی نہیں رہے گی، احسان مانی کے انتخاب کے رسمی مراحل چند منٹ میں ہی مکمل ہونے اور کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان روشن ہے،نومنتخب چیئرمین کی پریس کانفرنس سہ پہر3بجے شیڈول کی گئی ہے جس میں وہ اپنی ترجیحات کے حوالے سے بات چیت کریںگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔