کراچی میں فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں اے پی سی

دھاندلی والے حلقوں میں کاسٹ ووٹوں کے انگوٹھے کی تصدیق کا عمل شروع کیا جائے ، مشترکہ اعلامیہ


Staff Reporter May 28, 2013
کراچی: تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اے پی سی سے خطاب کررہے ہیں ۔ فوٹو : آن لائن

پاکستان تحریک انصاف کے تحت منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں شریک جماعتوں کے رہنماوں نے ایک مشترکہ اعلامیہ میں مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کی تمام نشستوں پر فوج کی مکمل نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔

کراچی سے بھتہ خوری ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم کے خاتمے کیلئے ریاستی ادارے بھرپور کوششیں کریں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز کو غیر مسلح کیا جائے اور ان ونگز میں موجود دہشت گردوں کو فوری گرفتار کیا جائے ملک بھر میں فوری طور پر مردم شماری کرائی جائے اور نادرا کی نگرانی میں موجودہ ووٹر لسٹوں کو ازسرنو مرتب کیا جائے جبکہ انتخابی دھاندلی کرنے والے عناصر کے خلاف سپریم کورٹ فوری ایکشن لے، انتخابی ٹریبونلز کی تعداد میں اضافہ اور ان ٹریبونلز میں حاضر سروس ججوں کو شامل کیا جائے حالیہ انتخابات میں جن حلقوں میں دھاندلی ہوئی ہے وہاں کاسٹ کئے گئے ووٹوں کی جانچ پڑتال کیلئے نادرا سے مدد لی جائے اور انگوٹھے کی تصدیق کا عمل فوری شروع کیا جائے اور اس کا اغاز کراچی سے کیا جائے۔



پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ال پارٹیز کانفرنس کاانعقاد مقامی ہوٹل میں کیا گیا جس میں تحریک انصاف کے رہنماوں مخدوم شاہ محمود قریشی نادر اکمل لغاری ڈاکٹر عارف علوی پاکستان پیپلزپارٹی کے تاج حیدر ،مسلم لیگ ن کے نہال ہاشمی، جماعت اسلامی کے محمد حسین محنتی، مسلم لیگ ق کے حلیم عادل شیخ ، مسلم لیگ فنکشنل کے جام مدد علی، جمعیت علماء پاکستان کے صاحبزادہ اویس نورانی اور دیگر سیاسی قوم پرست اور مذہبی جماعتوں کے رہنماوں نے شرکت کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا شفاف انتخابات ہم سب کی ضرورت ہیں، آل پارٹیز کانفرنس میں متحدہ قومی موومنٹ اور اے این پی نے شرکت نہیں کی اعلامیہ میں پیپلزپارٹی اور عوامی تحریک نے فوج کی نگرانی میں الیکشن کرانے کی مخالفت کی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔