تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق دوستوں سے مشاورت کر رہا ہوں، فاروق ستار

ویب ڈیسک  جمعرات 6 ستمبر 2018
تحریک انصاف کے بعض ارکان نے مجھ سے پارٹی میں شمولیت کیلئے رابطہ کیا، فاروق ستار۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے بعض ارکان نے مجھ سے پارٹی میں شمولیت کیلئے رابطہ کیا، فاروق ستار۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ وہ تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق قریبی دوستوں سے مشاورت کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر وزیراعظم عمران خان کیخلاف انتخابی اخراجات سے متعلق درخواست کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ میں گزشتہ 30 برسوں سے ایک جماعت اور ایک منشور سے جڑا رہا ہوں، تحریک انصاف کے بعض ارکان نے مجھ سے پارٹی میں شمولیت کیلئے رابطہ کیا، تحریک انصاف کی خواہش ہے کہ میں قومی اسمبلی میں عارف علوی کی خالی نشست سے الیکشن لڑوں، تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق قریبی دوستوں سے مشاورت کر رہا ہوں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : تحریک انصاف نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے، فاروق ستار

فاروق ستار نے کہا کہ میں نے الیکشن کمیشن میں بڑی سیاسی جماعتوں کے بے لگام انتخابی اخراجات پر درخواست دی ہے، تمام امیدواروں کو عام انتخابات میں یکساں مواقع نہیں مل پاتے، سیاسی جماعتیں کروڑوں روپے خرچ کر دیتی ہیں۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) 2،2  ارب جب کہ تحریک انصاف ایک ارب روپے خرچ کردیتی ہے، ٹی وی پر اشتہارات دے کر انتخابی مہم چلائی جاتی ہے، ان اخراجات کو پارٹی اثاثہ جات میں ظاہر کیا جانا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔