گرانٹ بریڈ برن قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ مقرر

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 6 ستمبر 2018
پاکستان ٹیم اور کوچنگ اسٹاف کے ساتھ کام کا موقع ملنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے،گرانٹ بریڈ برن۔ فوٹو: فائل

پاکستان ٹیم اور کوچنگ اسٹاف کے ساتھ کام کا موقع ملنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے،گرانٹ بریڈ برن۔ فوٹو: فائل

 لاہور: نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے کرکٹر گرانٹ بریڈ برن کو فیلڈنگ کوچ مقرر کردیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے گرانٹ بریڈ برن کو قومی کرکٹ ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر کر دیا، سابق کیوی کرکٹر ایشیا کپ سے قبل یو اے ای میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ بورڈ کے مطابق ان سے فی الحال 3 سال کا معاہدہ کیا گیا تاہم اس میں نظر ثانی کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ گرانٹ بریڈ برن نے پاکستان ٹیم اور کوچنگ اسٹاف کے ساتھ کام کا موقع ملنے کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔

گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ مکی آرتھر کی رہنمائی میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی میں نکھار آیا ہے، کھلاڑیوں کی جسمانی استعداد اور فیلڈنگ کی صلاحیتیں کافی بہتر ہوئی ہیں، پی سی بی کے ساتھ کام کرنے اور اپنا تجربہ کھلاڑیوں تک منتقل کرنے کا بے تابی سے انتظار کر رہا ہوں۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے طویل قامت آف اسپنر اور لوئر آرڈر بیٹسمین بریڈ برن نے 1990ء سے 2001ء تک اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں7 ٹیسٹ کھیلے۔ اس دوران انھوں نے 6 وکٹیں حاصل کیں اور 105 رنز بنائے۔ بریڈ برن نے 11 ون ڈے میچز میں 6 شکار کیے اور 60 رنز اسکور کیے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ ان کا پہلا اور آخری ٹیسٹ پاکستان کے خلاف ہی تھا۔ گرانٹ بریڈ برن نے 2014ء سے اب تک اسکاٹ لینڈ کے ہیڈکوچ کی ذمہ داری نبھائی ہے۔

گرین شرٹس کے سابق فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن نے جولائی کے بعد معاہدے میں توسیع سے انکار کردیا تھا، ان کا خلا پُرکرنے کے لیے گزشتہ ماہ پی سی بی نے ڈیرن بیری کا انتخاب کرلیا تھا لیکن انھوں نے عین موقع پر معذرت کرلی تھی لیکن اب 52 سالہ گرانٹ بریڈبرن کے تقرر کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ قبل ازیں گرانٹ فلاور بطور بیٹنگ کوچ اور گرانٹ لیوڈن بحیثیت فٹنس ٹرینر قومی ٹیم کے لیے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

دریں اثنا اسکاٹ لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو میلکولم کینن نے کہا ہے کہ گرانٹ بریڈ برن ہماری ٹیم کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2020ء اور 2021ء کے لیے کوالیفائی کرنے کی پوزیشن میں چھوڑ کر جارہے ہیں، ہم انھیں کیوی نہیں بلکہ ایک اسکاٹش شہری کے طور پر دیکھتے ہیں، اسکاٹ لینڈ کی ٹیم اپنے روشن مستقبل کی جانب بڑھے گی جبکہ بریڈبرن کی پاکستان کے ساتھ آئندہ مصروفیات کے حوالے سے ہم نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ اسٹیورکسن کے دور میں گرین شرٹس کی فیلڈنگ میں حیران کن بہتری دیکھنے میں آئی، آئندہ سال انگلینڈ میں شیڈول ورلڈکپ تک اس میں مزید نکھارلانا بریڈ برن کے لیے ایک چیلنج ہوگا، فی الحال تربیتی کیمپ میں ٹرینر گرانٹ لیوڈن ہی فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

دریں اثنا قومی کرکٹ ٹیم کی ’’گرانٹ‘‘ میں 3 گنا اضافہ کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔