اسکول وینز سی این جی پر چلانے پر پابندی لگائی جائے

ٹریفک پولیس اپنی ذمے داریاں پوری نہیں کررہی ،خالد شاہ کی پریس کانفرنس


Staff Reporter May 29, 2013
ٹریفک پولیس اپنی ذمے داریاں پوری نہیں کررہی ،خالد شاہ کی پریس کانفرنس. فوٹو: فائل

آل پرائیویٹ اسکولزمینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ کے مرکزی چیئرمین خالد شاہ نے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس اپنی ذمے داریاں پوری نہیں کررہی ہے۔

وہ اسکول وینز کی چیکنگ ضرور کرتے ہیں لیکن چند نوٹ لے کر انھیں چھوڑ دیتے ہیں،انھوں نے کہاکہ ڈیزل، پٹرول اورسی این جی پرچلنے والی ٹرانسپورٹ ایک ہی شرح کے مطابق کرایہ وصول کررہے ہیں لہٰذا سی این جی پر اسکول وینزچلانے پر پابندی لگائی جائے، پریس کانفرنس سے خطاب میں خالد شاہ کاکہنا تھا کہ اسکولوں کی انتظامیہ وینزکی ظاہری صورتحال دیکھ کر ٹرانسپورٹ وین کوبچوں کولانے اور لے جانے کی اجازت دیتے ہیں مگر اب باقاعدہ طور پرگاڑیوں کی جانچ کی جائے، اسکول انتظامیہ وین کے کاغذات اور ڈرائیونگ لائسنس کی فوٹو کاپی اپنے پاس رکھیں اور یہ عمل ہرماہ دہرایاجائے۔



انھوں نے مطالبہ کیا کہ سلنڈرکے فٹنس سرٹیفکیٹ دیکھے بغیر سی این جی نہ ڈالی جائے، آل پرائیویٹ اسکولزمینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ نے تجویز پیش کی کہ اسکول وینز اور بڑی پبلک ٹرانسپورٹ کوسی این جی پر نہ چلایاجائے، ہڈ والی سوزوکی وین اوراسکول میں چلنے والی چھوٹی ٹرانسپورٹ کوحکومت کی جانب سے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جاتا، حکومت کو چاہیے کہ وہ جس طرح پبلک ٹرانسپورٹ کوفٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرتے ہیں اسکولوں میں چلنے والے گاڑیوں کوبھی اسی طرزپر سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں۔