ٹریفک کے قوانین کے نفاذ کیلیے عملی اقدامات کیے جائیں

فرض شناس اور مستعد افسران و اہلکاروں کو نمایاں مقامات پر تعینات کیا جائے.


Staff Reporter May 29, 2013
اختیارات کا ناجائز استعمال کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے،شاہد بلوچ. فوٹو: ایکسپریس

KARACHI: ٹریفک کے قوانین کے نفاذ کیلیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

سڑکوں اور شاہراہوں کے اطراف میں غیر قانونی پارکنگ و قائم تجاوزات کے انسداد کیلیے شہری انتظامیہ کی مدد اور تعاون سے تمام تر ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی کسی بھی وجہ سے متاثر نہ ہو سکے، یہ ہدایات آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے مختلف میڈیا رپورٹس پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک عبد الخالق شیخ کو جاری کیں۔



انھوں نے کہا کہ سڑکوں ، شاہراہوں اور ٹریفک سگنلز پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی کے سلسلے میں ٹریفک پولیس کے فرض شناس اور مستعد افسران و اہلکاروں کو نمایاں مقامات پر تعینات کیا جائے ، انھوں نے کہا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے ٹریفک پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ و قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شہر میں غیر قانونی مبینہ چارجڈ پارکنگ کی نشاندہی کر کے اس حوالے سے شہری انتظامیہ کے ساتھ باقاعدہ رابطہ رکھا جائے، انھوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی و سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال کی مانیٹرنگ کے لیے نصب کیمروں کا جائزہ لیا جائے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سی پی او کے تعاون سے کیمروں کے جملہ امور کے حوالے سے جامع رپورٹ تیار کی جائے اور کسی قسم کی ممکنہ خرابی کو دور کر کے کیمروں سے بھر پور استفادہ کیا جائے۔