موسمیاتی تبدیلی سے کراچی زیادہ متاثر ہوا ماہرین

حکومت سنگین مسئلے موسمیاتی تبدیلی پرجامع تحقیق کرائے تاکہ بہترمنصوبہ بندی کرکے مسئلے سے نمٹا جاسکے،پروفیسراقبال چوہدری


Staff Reporter September 09, 2018
شجرکاری انتہائی اہم ہوگئی،عوامی سطح پر آگہی ضروری ہے سائنسدانوں سے خطاب۔ فوٹو: فائل

کراچی میں بارشوں سمیت موسمی نظام میں غیرمعمولی تبدیلی واقع ہوئی ہے جس کے سبب بارشوں میں کمی اور کثرت یعنی غیر یقینی کیفیت پیدا ہوئی ہے۔

جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) میں غیرملکی سائنسدانوں سے ملاقات کے دوران کہی پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا کہ اس بار گزشتہ سال کے مقابلے میں انتہائی کم بارشیں ہوئی ہیں جس کا اہم سبب موسمیاتی تبدیلی ہے اس تبدیلی کی زد پر آنے کے حوالے سے پاکستان دنیا میں ساتویں نمبر پر ہے۔

انھوں نے کہا پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کوئی مستند معلومات موجود نہیں ہے،حکومت کو چاہیے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور اسباب پر جامع تحقیق کا بندوبست کرے تاکہ مستحکم منصوبہ سازی ہو اور اس سنگین مسئلے سے نبردآزما ہوا جاسکے، اس عنوان سے عوامی سطح پر آگاہی بھی ضروری ہے کیوں کہ موسمیاتی تبدیلی جو فطرت میں انسانی بے جا مداخلت کا نتیجہ ہے کے منفی اثرات روز بروز شدید تر ہورہے ہیں جبکہ قدرتی آفات، سطح سمندر کی بلندی، غذاکی عدم دستیابی، پانی کی قلت وغیرہ اس موسمیاتی تبدیلی کا نتیجہ ہیں۔

انھوں نے کہا پاکستانی جنگلات کی تباہی سے ماحولیات کو خطرہ ہے،یہ امر واقعی ہے کہ شجرکاری کے فروغ اور فروغ جنگلات سے پاکستان میں موسمی اور ماحولیاتی منفی تبدیلیوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔