چیمپئنز ٹرافی سے ڈیڑھ ارب شائقین لطف اندوز ہونگے

اسپائڈر کیم، ہاک آئی، ہاٹ اسپاٹ اور الٹرا موشن سمیت 29 کیمرے استعمال ہوں گے


Sports Desk May 30, 2013
اسپائڈر کیم، ہاک آئی، ہاٹ اسپاٹ اور الٹرا موشن سمیت 29 کیمرے استعمال ہوں گے۔ فوٹو: فائل

کرکٹ چیمپئنز ٹرافی کے سنسنی خیز مقابلوں سے ڈیڑھ ارب شائقین لطف اندوز ہوں گے،میچز کی کوریج میں 29 کیمرے استعمال کیے جائیں گے۔

ان میں اسپائڈر کیم، جدید ہاک آئی کیمرے، ہاٹ اسپاٹ اور الٹرا موشن کیمرہ بھی شامل ہوں گا، نشریات ہائی ڈیفنیشن ہوں گی، پہلی مرتبہ کسی آئی سی سی ایونٹ میں ڈولبی 5.1 سرانوڈ ساؤنڈ سسٹم استمال ہو گا، میچز میں16 کمنٹیٹرز اور ماہرین اپنی معلومات سے شائقین کو محظوظ کریں گے، ان میں سابق کرکٹر وسیم اکرم اور رمیز راجہ بھی شامل ہیں، پینل کے دیگر شرکا مائیکل ایتھرٹن، مائیکل ہولڈنگ، ناصر حسین، شین وارن، ڈیوڈ لائیڈ، پومی ایم بنگوا، رسل آرنلڈ، سنجے منجریکر، سائمن ڈول، سارو گنگولی، سنیل گاوسکر، ٹام موڈی، ایلن والکنز اور ہرشا بھوگلے موجود ہیں۔ 8 اہم کرکٹنگ ممالک کے درمیان مقابلوں کا آغاز6 جون سے انگلینڈ اور ویلزمیں ہوگا۔



میچز کے نشریاتی حقوق اسٹار ٹی وی کے پاس ہیں، جس کے مختلف عالمی نشریاتی اداروں سے معاہدوں کے تحت میچوں کی براہ راست نشریات آسٹریلیا سے شمالی امریکہ اور کینیڈا میں بھی دیکھی جا سکیں گے۔پاکستان میں ان میچزکو دکھانے کے حقوق پی ٹی وی کے پاس ہیں۔

آسٹریلیا میں میچزکے نشریاتی حقوق فوکس اسپورٹس کے پاس ہیں، برطانیہ میں بی اسکائی بی، نیوزی لینڈ میں اسکائی ٹی وی، جنوبی افریقہ میں سپر اسپورٹس اور مشرق وسطی و شمالی افریقہ میں پہلا ٹی وی سے یہ نشریات دیکھی جا سکیں گی۔ امریکا اور جزائر غرب الہند میں ای این پی ایس یہ میچز کرکٹ کے شائقین تک پہنچائے گی۔