پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پہلے سیشن میں وکٹیں حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد عباس نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں دونوں ٹیمیں کامیابی کے لیے بھرپور کوشش کرتی ہیں، سری لنکا کے بیٹرز تجربہ کار ہیں اور انہوں نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے راولپنڈی کے شائقین سے اپیل کی کہ وہ اسٹیڈیم آکر قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی پہلے بھی اور اب بھی اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نوجوان بولرز کے حوالے سے محمد عباس نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتی ہے اور نوجوان فاسٹ بولرز سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ پریکٹس کے دوران ان کے ساتھ اپنا تجربہ بھی شیئر کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ راولپنڈی کی پچ اچھی ہے اور یہ بولرز و بیٹرز دونوں کے لیے سازگار ہے۔