شہر میں سیکیورٹی اقدامات کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہوجائینگے گورنر سندھ

تمام تر چیلنجز کے باوجود عوام کے تعاون سے عام انتخابات کے انعقاد میں کامیابی ہوئی، کراچی میں سرمایہ کاری کے وسیع۔۔۔


Staff Reporter June 02, 2013
سیکیورٹی کے نئے اقدامات کے بارے میں عوام کو جلد آگہی فراہم کی جائے گی، خلیجی ممالک کی باہمی تعاون کی کونسل کے اراکین سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود عوام کے بھرپور تعاون سے عام انتخابات کے انعقاد میں کامیابی ہوئی جس کو عالمی طور پر سراہا گیا اور اسے پاکستان میں جمہوریت کے قیام کے لیے نیک شگون قرار دیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ اب حکومت سازی کے مراحل جاری ہیں جس میں صوبہ سندھ اور خیبرپختونخوا کی حکومت تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ آئندہ چند روز میں میاں محمد نواز شریف بطور وزیراعظم پاکستان حلف اٹھائیں گے جس کے بعد نو منتخب وفاقی حکومت بھی فعال ہو جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش اقتصادی اور توانائی چیلنجز بہت اہمیت اختیار کرگئے ہیں اور نئی حکومت کے لیے اہم اہداف بھی یہی ہونگے،انھوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو خلیجی ممالک میں اہم مقام حاصل ہے جس کی وجہ سے اس بات کی توقع کی جا رہی ہے کہ خلیجی ممالک سے مختلف شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری پاکستان آئے گی، یہ بات انھوں نے خلیجی ممالک کی باہمی تعاون کی کونسل سے ملاقات میں کہی جس میں سعودی عرب ، قطر ، بحرین اور عمان کے قونصل جنرل شامل تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان خصوصاً کراچی میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے ان ممالک کے سرمایہ کار بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں، حکومت کی بھی یہی خواہش ہوگی کہ پاکستان کی استعداد اور خطے میں اس کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔



اس سلسلے میں حکومتی تعاون بھرپور انداز میں سرمایہ کاروں کو حاصل ہوگا ، انھوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں زراعت میں ایک اہم حیثیت رکھتا ہے یہاں کی زمین زرخیز ہے پاکستان کپاس ، گنا ، چاول اور گندم پیدا کرنے والا بڑا ملک ہے جو اپنی ضروریات کے علاوہ بھی زرعی پیداوار برآمد کرتاہے اگر اس شعبے میں بھرپورسرمایہ کاری ہو تو یہاں اتنی استعداد موجود ہے کہ پاکستان اپنی پیداوار کئی گناہ بڑھا سکتا ہے جس کا فائدہ پاکستان کے ساتھ ساتھ ان سرمایہ کاروں کو بھی ہوگا جو اس شعبے میں سرمایہ کاری کریں گے،گورنر سندھ نے کہا کہ سیکیورٹی کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔

اس ضمن میں جو اقدامات فوری طور پر اٹھائے گئے ہیں ان کے مثبت اثرات بھی فوری ظاہر ہونا شروع ہوجائیں گے جس سے سیکیورٹی کے معاملات میں کافی بہتری آئے گی اور جرائم پر قابو پانے میں مدد حاصل ہوگی،انھوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے نئے اقدامات کے بارے میں عوام کو ایک دو روز میں آگہی فراہم کردی جائے گی، گورنر سندھ نے قونصل جنرلز سے کہا کہ وہ اپنے ممالک میں سرمایہ کاروں کو پاکستان کی جانب راغب کریں پاکستان میں موجود ہ استعداد کا فائدہ اٹھائیں ، اس موقع پر قونصل جنرلزنے کہا کہ وہ اس پر کام کررہے ہیں اور کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری پرراغب ہوں ، پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان اخوت اور برادری کا رشتہ مزید پروان چڑھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں