پروفیسراظفر رضوی کا قتل بدترین دہشت گردی ہے رہنما

مجرم قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے سزا سے بچ جاتے ہیں،حنیف طیب.


Staff Reporter June 02, 2013
قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، مرزا یوسف حسین، معراج الہدیٰ،عباس کمیلی و دیگر کا مطالبہ. فوٹو: اے ٹی یو پی

مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر سید اظفر رضوی کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا قتل بدترین دہشت گردی ہے اور حکومت سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی حنیف طیب نے کہا کہ اول تو مجرم پکڑے نہیں جاتے اگر پکڑ بھی لیے جائے تو قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے سزا سے بچ جاتے ہیں، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ لگتا ہے پورے ملک میں جنگل کا قانون ہے اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے خاموش تماشائی ہیں۔



پروفیسر اظفر رضوی کے قاتلوں کو گرفتار کرکے انھیں عبرتناک سزا دی جائے، جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ پے درپے بے گناہ افراد کے خون سے ہولی حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے، جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی نے کہا کہ دہشتگردی نے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

انھوں نے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے، پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا کہ نومنتخب حکومت کو کراچی میں امن کیلیے مربوط حکمت عملی اپنانی ہوگی، ادارہ تبلیغ تعلیمات اسلامی پاکستان کے سربراہ مولانا محمد عون نقوی نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے، خطیب مسجد باب العلم مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے مسلسل واقعات نے ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

مقبول خبریں