شارع پاکستان 4 زیر تعمیر فلائی اوورز کا منصوبہ تاخیر کا شکار

تین ہٹی،لیاقت آباد ڈاک خانہ، عائشہ منزل اور واٹر پمپ پر فلائی اوور ز کی تعمیرسے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئیں.


Staff Reporter June 03, 2013
چاروں مقامات پر سڑک کی چوڑائی انتہائی کم ہوگئی، گڑھوں کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار حادثے کا شکار ہوچکے، صورتحال کا نوٹس لیا جائے، شہریوں کا مطالبہ۔ فوٹو: فائل

شارع پاکستان پر زیر تعمیر 4 فلائی اوورز وہاں سے گزرنے والے لاکھوں شہریوں کے ساتھ ساتھ علاقہ مکینوں کے لیے زحمت کا باعث بن گئے۔

سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے بے ہنگم انداز میں گاڑیاں چلتی ہیں اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہورہی ہے ، 4 فلائی اوورز کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہوگیا ہے اور ایک سال گزرجانے کے باوجود پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکا جبکہ ماضی میں کراچی میں چار ماہ کی قلیل مدت میں فلائی اوورز اور انڈر پاسز تعمیر ہونے کی روایت بھی ان منصوبوں نے ختم کردی ہے، ملک کے معاشی حب کراچی کی مصروف ترین سڑک شارع پاکستان کو سگنل فری کرنے کے لیے 4 مقامات تین ہٹی ، لیاقت آباد ڈاک خانہ ، عائشہ منزل اور واٹر پمپ پر فلائی اوور تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ، اس ضمن میں ایک برس قبل مذکورہ مقامات پر تعمیرات شروع کردی گئیں لیکن منصوبہ انتہائی تاخیر کا شکار ہوگیا جس کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑرہا ہے۔



فلائی اوورز کے ساتھ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس سے ٹریفک کی روانی مشکلات کا شکار ہورہی ہے ، شارع پاکستان سے گزرنے والے شہریوں کے علاوہ لاکھوں علاقہ مکینوں کو فلائی اوور کے باعث اذیت سے دوچار ہونا پڑرہا ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ گردو غبار کے علاوہ بے ہنگم ٹریفک ان کے لیے وبال بنتا جارہا ہے، چاروں مقامات پر گاڑیاں گزرنے کے لیے سڑک کی چوڑائی انتہائی کم ہوگئی ہے جس کی وجہ سے ہر وقت یہاں ٹریفک جام رہتا ہے ، خصوصاً صبح اور شام کے مصروف اوقات میں شہریوں کو شارع پاکستان سے گزرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہوتا ہے۔

شہریوں نے مزید بتایا کہ صبح بچوں کو اسکول لے جانے اور دوپہر کو واپسی کے اوقات میں بھی صورتحال انتہائی خراب ہوجاتی ہے ، سڑک عبور کرنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے ، سڑک پر گڑھوں کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار بھی حادثے کا شکار ہوچکے ہیں ، شہریوں نے بتایا کہ پہلے تو فلائی اوور اورانڈر پاس 4 ماہ میں مکمل ہوجایا کرتے تھے لیکن اب مذکورہ منصوبے کو شروع ہوئے ایک برس بیت گیا لیکن تاحال منصوبہ پورا نہیں ہوسکا ہے جس کا خمیازہ انھیں بھگتنا پڑرہا ہے ، شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر شارع پاکستان پر ٹریفک کی صورتحال کا نوٹس لیں اور فلائی اوور کی تعمیرات جلد از جلد مکمل کرائیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں