گرفتار کشمیری نوجوان پر وحشیانہ تشدد کا سن کر بہن صدمے سے جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعرات 20 ستمبر 2018
کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لے کر تفتیش کے نام پر بہیمانہ تشدد کیا جاتا ہے۔ فوٹو : فائل

کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لے کر تفتیش کے نام پر بہیمانہ تشدد کیا جاتا ہے۔ فوٹو : فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں زیر حراست بھائی پر بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم کا سُن کر بہن دل کا دورہ پڑنے کے باعث جاں بحق ہو گئی۔

کشمیری میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں بھارتی فوج نے نوجوان کو گھر سے حراست میں لیا اور بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے اپنے ہمراہ لے گئے۔ اگلے روز اہل خانہ اور علاقہ معززین گرفتار نوجوان سے ملنے گئے جو بھارتی فوج کے بے رحمانہ تشدد کے باعث زخموں سے چور تھا۔

بھائی پر انسانیت سوز مظالم کی داستان سُن کر نوجوان بہن شدت غم پر قابو نہ پا سکی اور دل کا دورہ پڑنے کے باعث جاں بحق ہو گئی۔  اہل خانہ کا کہنا ہے کہ نوجوان رفعت صحت مند تھی اور اسے کسی قسم کی کوئی بیماری نہیں تھی۔ وہ اپنے بھائی سے بے حد پیار کرتی تھی۔

ضلع کلگام کے ایس ایس پی ہرمیت سنگھ نے بتایا کہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث نوجوان لڑکی کی ہلاکت کے معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں۔ اہل خانہ اور علاقہ مکینوں کا دعوی ہے کہ لڑکی کے بھائی کو بھارتی فوج نے گرفتار کیا تھا تاہم ہمارے پاس بھارتی فوج کے آپریشن کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سے قبل ایک کشمیری کو گولیاں مار کر ہلاک کرنے کے بعد اس کی لاش کو بیدردی سے گھسیٹ کر لے جانے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جب کہ نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل عام بات ہو گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔